0
Thursday 28 Dec 2017 10:56

75 ہزار 722 ملازمین اپ گریڈ جبکہ 4 ہزار 743 مستقل

75 ہزار 722 ملازمین اپ گریڈ جبکہ 4 ہزار 743 مستقل
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں مختلف سرکاری محکموں کے 75 ہزار 722 مستقل ملازمین کی اپ گریڈیشن اور 4743 کنٹریکٹ ملازمین کی ریگولرائزیشن کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ اپ گریڈ ہونے والے ملازمین میں محکمہ پولیس کے 53883 کانسٹیبلز کی گریڈ 5 سے 7 میں اپ گریڈیشن، 9095 ہیڈ کانسٹیبلز کو گریڈ 7 سے 9 میں اپ گریڈ کرنے، 2758 سب انسپکٹرز کو گریڈ 9 سے 12 دینے، مختلف کیڈرز کے 4970 لیبارٹی اٹنڈنٹس نیز 23 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز فشریز کو گریڈ 17 سے 18 دینے، 3 اکنامک انوسٹی گیٹرز، 9 ریسرچ آفیسرز، 24 ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کو گریڈ 16سے 17 دینے، 5 ڈپٹی ڈائریکٹرز ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو گریڈ 18 سے 19 دینے، 31 ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرز کو گریڈ 17 سے 18 دینے، 42 اسسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرز کو گریڈ 16 سے 17 دینے، 165 ایکسائز انسپکٹرز کو گریڈ 15 سے 16 دینے، 26 ایکسائز سب انسپکٹرز کو گریڈ 10 سے 14 دینے، 223 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو گریڈ 8 سے 11 دینے، محکمہ آبپاشی کے 547 کنال پٹواریوں کو گریڈ 7 سے 9 دینے، 109 ورنیکولر کلرکس کو گریڈ 8 سے 11 دینے، محکمہ اطلاعات کے ایک ایڈمن آفیسر کو گریڈ 16 سے 17 دینے، محکمہ ہائے آبنوشی، آبپاشی، مواصلات و تعمیرات اور منصوبہ بندی و ترقیات کے 211 اکاؤنٹس کلرکس کو گریڈ 10 سے 14 دینے کی منظوری شامل ہے۔
 
اسی طرح وزیراعلٰی پرویز خٹک نے صوبے بھر میں مختلف محکموں کے زیر انتظام 53 پراجیکٹس کے 4743 کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کی باضابطہ منظوری بھی دی ہے۔ یہ منظوری وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے وزیراعلٰی ہاؤس پشاور میں اعلٰی سطح کے اجلاس میں دی، جس میں سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ، وزیرخزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ، وزیراعلٰی کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان، محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلٰی کو مختلف پراجیکٹس کے عارضی ملازمین اور اپ گریڈ ہونے والے مستقل ملازمین کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا گیا، جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وزیراعلٰی نے ان ملازمین کی ریگولرائزیشن اور اپ گریڈیشن کی ہدایت کی، نیز اس ضمن میں پیش کردہ سمری پر باضابطہ دستخط بھی کئے۔ انہوں نے تمام محکموں میں الگ پلاننگ سیل قائم کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ ہر سیل صوبائی اور ضلعی سطح پر مقامی انتظامیہ کی معاونت سے تعمیر و ترقی کا عمل تیز کرنے، محکموں کی کارکردگی اور خدمات کی بہتری کیلئے مربوط کام کرے، وزیراعلٰی نے تمام سرکاری اداروں میں نظام کی بہتری اور زیادہ سے زیادہ شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی ریگولرائزیشن سے اداروں کی کارکردگی میں واضح بہتری آنی چاہیئے اور اس کا تمام تر فائدہ عوام کو ملنا چاہیئے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ہزاروں ملازمین کی اپ گریڈیشن اور ریگولرائزیشن کے ذریعے انہیں حسن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا ہے، اب سرکاری ملازمین کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں عوام کی خدمت کیلئے وقف کردیں۔

انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ملازمین کی ریگولرائزیشن اور اپ گریڈیشن کا مکمل ڈیزائن تیار کرکے کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کریں، تاکہ اسے منظوری دیکر صوبائی اسمبلی سے قانون سازی کی جائے۔ اس اقدام سے صوبے بھر میں مختلف کیڈر کے ہزاروں سرکاری ملازمین کو فائدہ ہوگا جن میں دیگر محکموں کے علاوہ محکمہ پولیس کے کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کی اپ گریڈیشن اور پولیس رسک الاؤنس، یونین کونسلوں کے سیکرٹری اور سپر وائزر کی اپ گریڈیشن بھی شامل ہے۔ وزیراعلٰی نے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت کے اس فراخدلانہ اقدام کا جواب سرکاری ملازمین اپنی حسن کارکردگی کی صورت میں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے محدود مالی وسائل کے باوجود سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کو مقدم رکھا اور امید ظاہر کی کہ ملازمین پی ٹی آئی حکومت کی تبدیلی کے ایجنڈے پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے پوری ایمانداری اور تندہی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 693050
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش