0
Friday 29 Dec 2017 00:54

رانا ثناءاللہ جیسے لوگوں کا اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، سراج الحق

رانا ثناءاللہ جیسے لوگوں کا اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل فعال ہو چکا ہے ہم آئندہ انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ آئندہ انتخابات میں دینی جماعتوں کو ساتھ ملانے کی کوشش کریں گے۔ کسی مذہبی جماعت کے رہنما کا نام پانامہ یا نیب لسٹ میں نہیں ہے۔ حکومت کسی معاملے پر بھی عوام کو مطمئن نہیں کر سکی، ختم نبوت کے مسئلے پر گیند اب بھی حکومت کی کورٹ میں ہے، جب تک راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ سامنے نہیں آتی اور ذمہ داروں کا تعین کر کے انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جاتا، عوام کے اندر بےچینی اور حکومت کے خلاف نفرت موجود رہے گی۔ رانا ثناءاللہ جیسے لوگوں کا اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں کارکنوں کے اجتماع اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ یا سابقہ حکومتوں میں رہنے والوں کے اندر یہ صلاحیت نہیں کہ وہ ملک کو اندرونی و بیرونی محاذ پر درپیش مسائل سے نکال سکیں۔ اقتدار کی باریاں لینے، پارٹیاں بدلنے اور قومی دولت سے جیبیں بھرنے والوں پر سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے۔ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک نے عوام کے اندر کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ایک شعور پیدا کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام صاف ستھرے امیدواروں کو منتخب کر کے ملک سے کرپشن کی جڑوں کو ہمیشہ کے لیے کاٹ پھینکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دینی جماعتوں کا اتحاد اب پوری طرح فعال ہو چکا ہے، ہم ملک کی دیگر دینی و سیاسی جماعتوں اور صاف ستھرے کردار کے حامل افراد سے رابطے کر رہے ہیں تاکہ 2018ء کے انتخابات میں سیکولر و لبرل سیاسی پارٹیوں کے مقابلے میں اسلام و نظریہ پاکستان کی محافظ دینی قوتوں کو متحد کیا جا سکے۔

سراج الحق نے کہاکہ ہم بروقت انتخابات کے ساتھ ساتھ بےلاگ احتساب پر یقین رکھتے ہیں اور الیکشن کمیشن سے ہمار امطالبہ ہے کہ جس نے قومی خزانے کو ایک روپے کا بھی نقصان پہنچایا ہے اسے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ناکامیوں سے دوچار ہے، اسے اپنی منزل معلوم نہیں، وہ دو قدم آگے اور چار قدم پیچھے جاتی ہے۔ دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے لندن میں جماعت اسلامی کے نائب امیر اور سابق سینیٹر پروفیسر خورشید احمد کی عیادت اور ان کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر، سید شوکت علی اور ریاض ولی بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 693197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش