0
Friday 29 Dec 2017 23:31

عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، سینیٹر سراج الحق

عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، سینیٹر سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور ہائی کمشنر سید ابن عباس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے بعد سینیٹر سراج الحق نے سید ابن عباس کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے لیے عالمی برادری میں اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے۔ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کو پورا کرنا برطانوی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر پر تین جنگیں ہوچکی ہیں اگر آئندہ دونوں ملکوں کے درمیان اس مسئلہ پر جنگ چھڑتی ہے تو وہ ناصرف برصغیر بلکہ پوری دنیا کے لیے تباہ کن ہوسکتی ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں، اس تباہی سے بچنے کے لیے عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف فوری توجہ دینا ہوگی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی اور تخریب کاری کروا رہا ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کی سرپرستی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تنازع کشمیر کو وہاں کے عوام کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حل کروانے میں برطانیہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا واسطہ ایک مکار پڑوسی سے پڑا ہے جس نے آج تک پاکستان کو تسلیم کیا اور نہ پاکستان کے وجود کو برداشت کرنے کے لیے تیار ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آئین و قانون اور میرٹ کی بالادستی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہاکہ افراد اور خاندانوں کے گرد گھومنے والی سیاست میں عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے، ملک میں دیانتدار اور باصلاحیت افراد کی کمی نہیں، عوام آئندہ انتخابات میں بار بار آزمائے ہوﺅں کو آزمانے کی بجائے صاف ستھرے کردار کے حامل لوگوں کا انتخاب کریں۔ سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیاکہ آئندہ انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق دیا جائے اوورسیز پاکستانی سالانہ بیس ارب ڈالر کے قریب زرمبادلہ پاکستان بجھواتے ہیں۔ برطانیہ میں بارہ لاکھ سے زائد پاکستانی شہری مقیم ہیں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو قومی قیادت کے انتخاب میں رائے دہی اور ملکی معاملات سے دور رکھنا کسی طرح بھی قابل قبول نہیں۔ ملاقات کے موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر، سید شوکت علی، یو کے اسلامک مشن کے جنرل سیکرٹری ریاض ولی اور فیصل شاہ بھی موجود تھے۔

دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے برمنگھم کے اسلامک سینٹر سپارک بروک میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اوورسیز پاکستانی بیرونی دنیا میں پاکستان کے بہترین سفیر ہیں ۔انہیں اپنے کردار سے ثابت کرنا ہے کہ وہ دنیا کے مہذب ترین انسان ہیں اور پاکستانی تہذیت و تمدن دنیا بھر میں اپنی ایک منفرد پہچان رکھتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اسلام امن و محبت اور باہمی احترام کا درس دیتاہے ۔ اسلام عالمی امن کا سب سے بڑا داعی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک و قوم کے عزت و وقار کے محافظ ہیں انہیں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے عالمی برادری کو آگاہ کرنا چاہیے ۔جمعہ کے اجتماع میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔
خبر کا کوڈ : 693353
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش