QR CodeQR Code

سعودی حکومت کیطرف سے ’’مخصوص شرائط‘‘ پر انہیں سیاسی میدان میں سہارا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے

نواز شریف پاکستانی سیاست سے مکمل طور پر آؤٹ ہوچکے ہیں، علامہ احمد اقبال رضوی

ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا اور قومی نوعیت کے فیصلوں میں ملک و قوم کے مفادات کو مقدم رکھنا ہوگا

30 Dec 2017 20:48

اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کو اپنے فیصلے عالمی حالات کے تناظر میں کرنیکی ضرورت ہے، بیرونی مداخلت نے اس ملک کو ماضی میں ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کیا ہے، ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا اور قومی نوعیت کے فیصلوں میں ملک و قوم کے مفادات کو مقدم رکھنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت دہشتگردوں اور کرپٹ عناصر کی ہمیشہ راہ ہموار کرتی آئی ہے، شریف برادران کی سعودی عرب روانگی کے مقاصد بالکل واضح ہیں، نواز شریف پاکستانی سیاست سے مکمل طور پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے ’’مخصوص شرائط‘‘ پر انہیں سیاسی میدان میں سہارا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو ارض پاک کی سالمیت و بقاء کیلئے شدید ترین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فیصلے پاکستان کے اندر ہی ہونے چاہیئے، ملکی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ عوام ایسے عناصر کو مسترد کریں، جن پر قومی خزانے کی لوٹ مار ثابت ہو چکی ہے، پاکستان کے داخلی معاملات میں کسی بھی ملک کو مداخلت کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں پاکستان کے وجود کی دشمن ہیں، ان طاقتوں کے ساتھ اگر سخت لہجہ اختیار نہ کیا گیا تو یہ پھر ارض پاک ایسی مشکلات میں پھنس سکتا ہے، جس سے نکلنا آسان نہیں ہوگا، پاکستان کو اپنے فیصلے عالمی حالات کے تناظر میں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت نے اس ملک کو ماضی میں ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کیا ہے، ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا اور قومی نوعیت کے فیصلوں میں ملک و قوم کے مفادات کو مقدم رکھنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 693593

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/693593/نواز-شریف-پاکستانی-سیاست-سے-مکمل-طور-پر-آؤٹ-ہوچکے-ہیں-علامہ-احمد-اقبال-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org