QR CodeQR Code

چترال، اگر بجلی فراہم نہیں کی گئی تو وزیراعظم کو گولین پن بجلی گھر کا افتتاح کرنے نہیں دینگے

1 Jan 2018 12:40

ضلع چترال کی وادی گولین کے مکینوں نے احتجاجی جلسے کے دوران کہا کہ بجلی گھر کیلئے گولین میں پانی کا بڑا تالاب بنایا گیا ہے جس کیوجہ سے یہاں آبپاشی کا نظام شدید متاثر ہوا ہے جبکہ پینے کا پانی بھی ناپید ہوگیا ہے، یہ سب کچھ اس اُمید سے برداشت کیا کہ انکو بجلی ملے گی۔


اسلام ٹائمز۔ ضلع چترال کی وادی گولین کے مکینوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ہمیں بجلی فراہم نہیں کی گئی تو ہم وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو زیر تعمیر 107 میگا واٹ گولین پن بجلی گھر کا افتتاح کرنے نہیں دیں گے۔ وادی گولین کے رہائشیوں نے محکمہ واپڈا کے خلاف احتجاجی جلسہ کیا جس کی صدارت سابق رکن صوبائی اسمبلی و ضلع کونسل کے رکن مولانا عبد الرحمٰن کررہے تھے۔ مولانا عبد الرحمٰن نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بجلی گھر کیلئے گولین میں پانی کا بڑا تالاب بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے یہاں آبپاشی کا نظام شدید متاثر ہوا ہے جبکہ پینے کا پانی بھی ناپید ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کا مین لائن علاقے کے اوپر گزرنے کی وجہ سے یہ لوگ دو منزلہ آبادی بھی نہیں کرسکتے اور پانی کی قلت کی وجہ سے ان کی پن چکی، چھوٹے پن بجلی گھر بھی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے نہایت خندہ پیشانی سے یہ سب کچھ اس اُمید سے برداشت کیا کہ ان کو بجلی ملے گی مگر اب جب یہ بجلی گھر تیار ہورہا ہے تو واپڈا حکام نے ان کو خوشحبری سنائی کہ ان کو بجلی نہیں مل سکتی جو کہ نہایت زیادتی اور سراسر نا انصافی ہے۔

مقررین نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر پانی و بجلی، سیکرٹری اور چئیرمین واپڈا کے ساتھ ساتھ چیف ایگزیکٹیو پیسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ گولین کے عوام کو اس پن بجلی گھر سے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے کیونکہ یہ ان کا قانونی اور آئینی حق ہے۔ جلسہ شرکاء نے متنبہ کیا کہ اگر ان کو بجلی نہیں دی گئی تو وہ اِس مہینے (جنوری) کے آخر میں وزیراعظم پاکستان کے متوقع دورہ اور اس بجلی گھر کے افتتاح کو سبو تاژ کریں گے اور اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ جلسہ میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ 3 ہزار 500 نفوس پر مشتمل وادی گولین کو بجلی سے محروم نہ کیا جائے اور بجلی گھر میں درجہ چہارم اور نچلے درجے کی ملازمتیں بھی مقامی لوگوں کو دی جائے کیونکہ مقامی لوگوں کی زمین اور فصلیں متاثر ہوئی ہیں، لہٰذا یہ ان کا حق ہے کہ کلاس فور کی ملازمت ان کو دی جائے۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔


خبر کا کوڈ: 693909

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/693909/چترال-اگر-بجلی-فراہم-نہیں-کی-گئی-وزیراعظم-کو-گولین-پن-گھر-کا-افتتاح-کرنے-دینگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org