QR CodeQR Code

وفاقی وزیر داخلہ نے گلگت بلتستان پولیس آفیسروں کے اثاثوں کی چھان بین کا حکم دیدیا

2 Jan 2018 02:31

ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کے تھانوں کے متعدد پولیس آفیسران جرائم پیشہ عناصر سے رابطے میں ہیں، جسکے باعث خطے میں جرائم میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ نے گلگت بلتستان پولیس آفیسروں کے اثاثوں کی چھان بین کا حکم دیدیا۔ آئی جی پی نے طویل عرصہ سے تعینات افسروں کی فہرست طلب کرکے اثاثوں کی چھان بین شروع کر دی۔ باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے ملک کے دیگر صوبوں سمیت جی بی میں بھی جرائم پر قابو پانے کیلئے آئی جی پی گلگت بلتستان کو بھی جی بی کے پولیس آفیسروں کے اثاثوں کی چھان بین مکمل کرکے رپورٹ وفاق کو ارسال کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہیں ہدایات دی ہیں کہ خطے میں جرائم پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور جرائم میں ملوث پولیس آفیسروں و ملازمین کو قانون کے دائرے میں لاکر سخت ترین سزائیں دی جائیں۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پی کو خفیہ رپورٹس موصول ہوئیں جن میں پولیس آفیسران و جرائم پیشہ عناصر کے تعلقات کے متعلق بتایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے تھانوں کے متعدد پولیس آفیسران جرائم پیشہ عناصر سے رابطے میں ہیں، جسکے باعث خطے میں جرائم میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ آئی جی پی نے جی بی میں گزشتہ کئی سالوں سے ایک ہی اسٹیشن میں تعینات پولیس آفیسروں اور ملازمین کی فہرستیں طلب کر لی ہیں۔ آئندہ چند روز میں تمام پولیس آفیسروں و ملازمین کے اثاثوں کی جانچ پڑتال شروع کی جائیگی اور حتمی رپورٹ وفاقی وزیر داخلہ کو ارسال کی جائیگی۔


خبر کا کوڈ: 694050

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/694050/وفاقی-وزیر-داخلہ-نے-گلگت-بلتستان-پولیس-آفیسروں-کے-اثاثوں-کی-چھان-بین-کا-حکم-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org