QR CodeQR Code

سندھ حکومت دس سال سے نوجوانوں کو ملازمتوں کے خواب دکھا رہی ہے، سردار رحیم

4 Jan 2018 17:51

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما فنکشنل لیگ نے کہا کہ پی پی سرکار کو جب ملازمتیں نہیں دینا تھیں تو نوکریاں دینے کے اعلانات کیوں کئے؟ پچھلے دس برس میں حکمرانوں نے ملازمتیں دینے کے محض اعلانات کئے، جس کا فائدہ صرف حکمرانوں اور افسر شاہی نے اٹھایا۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار رحیم نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پچھلے دس برس سے بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتوں کے خواب دکھا رہی ہے، سندھ کا نوجوان سندھ سرکار کے لالی پاپ کو اچھی طرح سمجھ چکا ہے، اب انہیں بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، حکومت فی الفور عوام سے کئے گئے وعدے پورے اور تمام محکموں میں کنٹریکٹ پر تعینات ملازمین کو مستقل کرے۔ ان خیالات کا اظہار سردار رحیم نے مختلف محکموں میں کام کرنے والے نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ بعد ازاں سردار رحیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی سرکار کو جب ملازمتیں نہیں دینا تھیں تو نوکریاں دینے کے اعلانات کیوں کئے؟ پچھلے دس برس میں حکمرانوں نے ملازمتیں دینے کے محض اعلانات کئے، جس کا فائدہ صرف حکمرانوں اور افسر شاہی نے اٹھایا، ہزاروں کی تعداد میں بے روزگاروں سے تعلیمی اسناد منگوائی گئیں، جنہیں ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا، جو غریب بے روزگاروں کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ فنکشنل لیگ اقتدار میں آکر سندھ کے بے روزگاروں کو روزگار دینے کے ساتھ ملازمین کو مستقل بھی کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 694759

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/694759/سندھ-حکومت-دس-سال-سے-نوجوانوں-کو-ملازمتوں-کے-خواب-دکھا-رہی-ہے-سردار-رحیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org