0
Thursday 4 Jan 2018 23:49

سکیورٹی خدشات نظر انداز، بلاول بھٹو زرداری کراچی تا کشمور مارچ کی قیادت کرینگے

سکیورٹی خدشات نظر انداز، بلاول بھٹو زرداری کراچی تا کشمور مارچ کی قیادت کرینگے
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سکیورٹی خدشات کو نظر انداز کرتے ہوئے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں کراچی سے کشمور تک مارچ کی قیادت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کی قیادت میں ریلی کا آغاز 14 جنوری سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے آئندہ انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کی آئندہ انتخابی مہم کا محور بلاول بھٹو زرداری ہوں گے اور سندھ میں انتخابی مہم ” بلاول آرہا ہے“ کے نام سے ہوگی۔ بلاول بھٹو زرداری نے سکیورٹی خدشات کو نظر انداز کرتے ہوئے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کے جی ٹی روڈ مارچ کی طرز پر سندھ میں بھی کراچی تا کشمور مارچ شروع کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری اس مارچ میں ٹھٹھہ، سجاول، بدین، جامشورو، دادو، سانگھڑ، حیدرآباد، مٹیاری، نواب شاہ اور نوشہروفیروز بھی جائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ مارچ کا آغاز 14 جنوری سے شروع ہونے کا امکان ہے اور ریلی کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس ضمن میں سکیورٹی معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ بے نظیر بھٹو نے بھی 1993ء میں اپنی انتخابی مہم اسی طرز پر شروع کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 694818
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش