0
Friday 5 Jan 2018 23:57

پاکستان کو چاہئے کہ وہ خود کو امریکا سے الگ کرلے، فردوس شمیم نقوی

پاکستان کو چاہئے کہ وہ خود کو امریکا سے الگ کرلے، فردوس شمیم نقوی
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے پر شرم آنی چاہئے، دنیا کے سب سے بڑے دہشتگرد امریکا کی جانب سے پاکستان پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کا الزام قابل مذمت ہے، حقانی نیٹ ورک سے متعلق امریکا کے پاکستان پر الزامات بالکل بے بنیاد ہیں، جس کا ثبوت فراہم کرنے میں خود امریکا ناکام ہے، بھارت کی زبان بولنے والا امریکا دوسری ریاستوں میں دخل دینے کیلئے پہلے وہاں دہشتگردوں کو پالتا ہے اور پھر آپریشن کے نام پر اپنی فوج بھیج کر ان ریاستوں پر قابض ہو جاتا ہے، ٹرمپ کی نئی امریکی قومی سلامتی پالیسی کے بعد اب پاکستان کو چاہئے کہ وہ خود کو امریکا سے الگ کر لے۔ اپنے ایک بیان میں فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پاکستان دشمن پالیسیوں پر حکومت پاکستان کو ملک و قوم کے دفاع میں کھل کر سامنے آنا چاہئے اور ایک مضبوط اور ٹھوس حکمت عملی مرتب کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع ملک کے دفاع کے بجائے امریکا اور بھارت کو خوش کرنے میں مصروف ہیں۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پاکستان امریکی امداد کا بھوکا نہیں، امریکا نے کبھی اپنی جنگ خود نہیں لڑی، بلکہ دوسروں کے کندھوں پر بندوق رکھ کر ان سے اپنی جنگ لڑوائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف دہشتگردی کے خلاف ہے اور دہشتگردی کی جڑ کو اس ملک سے ختم کرنا چاہتی ہے، تحریک انصاف دہشتگردی کا خاتمہ کسی کو خوش کرنے کیلئے نہیں بلکہ ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور چیئرمین عمران خان نے ہمیشہ پرائی جنگ کا حصہ بننے کی مخالفت کی ہے، ہمیں پاکستان کو چھوڑ کر کسی بھی ملک کے ریاستی مفادات کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہئے۔ صدر پی ٹی آئی کراچی نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے کی طرح حکومت کی جانب سے اس معاملے پر ٹال مٹول اور غیر سنجیدگی نہیں دکھائی جانی چاہئے، پاکستان کسی صورت میں امریکا کی افغان جنگ میں ناکامی کا بوجھ برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، امریکی صدر کی گیدڑ بھبکیوں اور دھمکیوں کے خلاف پاکستان کی سیاسی قیادت کو ایک میز پر جمع ہونے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 695056
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش