0
Tuesday 3 May 2011 12:55

اسامہ کی ہلاکت کے بعد امریکہ کا خطے میں رہنے کا جواز نہیں، پاکستانی حکومت ڈرون حملوں کی صرف مذمت کر رہی ہے، عمران خان

اسامہ کی ہلاکت کے بعد امریکہ کا خطے میں رہنے کا جواز نہیں، پاکستانی حکومت ڈرون حملوں کی صرف مذمت کر رہی ہے، عمران خان
 لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد امریکہ کا خطے میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔ امریکہ کو فوری طور پر خطے سے نکل جانا چاہیے۔ اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ دنیا کے سیاسی مسائل اور ناانصافیوں کو ختم کیے بغیر دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ناانصافیوں کو برابری کی بنیاد پر حل نہ کیا گیا تو خطے میں دہشتگردی اور انتہا پسندی مزید بڑھے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اسامہ بن لادن کے خلاف پاکستان میں آپریشن اپنے پیچھے بہت سوالات چھوڑ گیا ہے۔
قبل ازین سکھر مین تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ اگر اُسامہ بن لادن کو ختم کر دیا گیا ہے تو اب امریکا کے پاس جنگ کا کوئی جواز نہیں بنتا، امریکا کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر افغانستان اور پاکستان سے نکل جائے، دنیا کا کوئی قانون ڈرون حملوں کی اجازت نہیں دیتا، لیکن پاکستان میں مسلسل ڈرون حملے کیے جا رہے ہیں اور پاکستانی حکومت ڈرون حملوں کی صرف مذمت کر رہی ہے، انہیں روکنے کے لیے اب تک حکومت نے کوئی کردار ادا نہیں کیا، حکومت کو چاہئے کہ وہ ڈرون حملوں کے حوالے سے اپنا موقف واضح کرے، اب تک ملک میں ڈرون حملوں سے 68 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے اور حکمراں اپنے ذاتی مفادات کے لیے ڈرون حملوں کی صرف زبانی مذمت کر رہے ہیں، وہ سکھر ائر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت اور پارٹی کے ریجنل آفس کے افتتاح کے موقع پر کارکنان سے خطاب کر رہے تھے، عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی کے اتحاد پر کوئی حیرت نہیں ہوئی، کیونکہ یہ سب ایک دوسرے کو بچانے اور اپنی کرپشن چھپانے کے لیے اکھٹے ہو رہے ہیں، عوام جان چکے ہیں کہ ان جماعتوں کو عوامی مفادات سے کوئی دلچسپی نہیں یہ سب اقتدار کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں۔
خبر کا کوڈ : 69518
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش