0
Sunday 7 Jan 2018 19:44

کراچی، جامعہ این ای ڈی کے تحت سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد 18۔2017 کا انعقاد

کراچی، جامعہ این ای ڈی کے تحت سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد 18۔2017 کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی مشہور و معروف درسگاہ جامعہ این ای ڈی کے تحت سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد 18۔2017 کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کی، جبکہ سابق وفاقی وزیر اور سینٹر جاوید جبار اعزازی مہمان تھے۔ جامعہ این ای ڈی کے منعقدہ اس جلسہ تقسیم اسناد میں 2 طلباء ڈاکٹر ثناء ارشد اور ڈاکٹر مرزا محمد علی بیگ کو پی ایچ ڈی کی سند، جبکہ 24 طلباء کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ جامعہ سے سال 18۔2017 کے پاس آؤٹ گریجویٹ طلباء کی تعداد 2024، ماسٹرز کی تعداد 803 ہے، جبکہ کانووکیشن میں 1812 طلباء ڈگریوں سے نوازا گیا۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کیمپوٹیشنل فنانس، انڈسٹریل کیمسٹری اور اپلائیڈ فزکس کے پہلے پاس آؤٹ بیج کو خصوصی مبارک باد پیش کی، جبکہ والدین کی محنت وصول ہونے پر اُن کی کاوشوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کو 2021ء میں سو سال مکمل ہو جائیں گے، تو صد سالہ جشن کی تیاری بھی کر رہے ہیں۔ سابق وزیر اور سینیٹر جاوید جبار نے جامعہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی انجینئرنگ کا بہترین ادارہ ہے، جو قوم کو اہل افراد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے طالبِ علموں سے کہا کہ وقت کا دُرست استعمال سیکھیں اور مطالعے کی عادت ڈالیں، تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔

مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے اپنے زمانہ طالبِ علمی کو یاد کیا۔ انہوں نے طالبِ علموں کو پیغام دیتے ہوئے تین نصیحتیں کیں کہ نوجوان اپنے والدین کو خود پر فخر کرنے کا موقع ضرور دیں، اپنے تعلیمی ادارے اور اساتذہ کا احترام کریں اور اپنے دوستوں سے رابطے ہموار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹس زندگی کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، تو یاد رکھیں کہ جو بھی کام کر رہے ہیں، اس سے محبت ضرور کریں تو کا میابی خودبخود حاصل ہوگی۔ نوجوانوں کی توجہ موجودہ صورتحال کی جانب مبذول کرواتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ سیکٹر میں ماہر انجینئرز کی کمی ہے، جبکہ اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے کہا کہ انجینئرز کی ضرورت ہے تو نوجوان بیرون ملک جانے کے بجائے اپنے ملک کیلئے خدمات فراہم کریں۔ تھر پارکر کو ترقی کا زینہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ صوبہ سندھ کی ترقی آپ نوجوانوں کی مرہونِ منت ہے، تو آپ نوجوانوں ہی کی بدولت ترقی کا خواب تکمیل کو پہنچے گا۔
خبر کا کوڈ : 695533
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش