0
Sunday 7 Jan 2018 20:32
روز اول سے کہہ رہے تھے سامراجی قوتیں کسی کی دوست نہیں ہوتیں، آج ثابت ہوگیا

امریکہ کو موثر جواب دینے کیلئے متفقہ موقف اپنایا جائے، علامہ ساجد نقوی

امریکہ کو موثر جواب دینے کیلئے متفقہ موقف اپنایا جائے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے راولپنڈی میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کوئی سامراجی قوت کبھی پاکستان کی دوست ہو ہی نہیں سکتی، اسے صرف اپنے مفادات سے غرض ہے، 3 دہائیوں سے قومی شعور بیدار کر رہے ہیں، تمام طبقات کو اعتماد میں لیکر حکمت و تدبر اور دانائی سے بھرپور حکمت عملی و موقف اختیار کیا جائے، قوم کو متحد کیا جائے، قابل اعتماد دوستوں میں اضافے کیساتھ خارجہ پالیسی پر نظرثانی کی جائے۔ علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ ہم ذمہ داران سمیت قوم کو 80ء کے عشرے سے یہ باور کرا رہے ہیں اور عوام میں شعور بیدار کر رہے ہیں کہ کوئی سامراجی قوت کسی صورت ہماری دوست نہیں ہوسکتی، اُسے صرف اپنے مفادات سے غرض ہوتی ہے، لیکن آج یہ حقیقت کھل کر آشکار ہوگئی ہے، جس طرح امریکہ نے پاکستان پر کاری ضرب لگائی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی ریاست اور قوم مل کر روشن، واضح، دوٹوک اور حکمت و دانائی پر مبنی متفقہ موقف و پالیسی اختیار کریں اور اسے ہر معاملے میں اولیت و اولویت دی جائے، ملک کو درپیش دیگر مسائل بھی اپنی جگہ پر موجود ہیں، لیکن یہ قومی سلامتی اور ملک کے مستقبل کا معاملہ ہے، لہٰذا اس معاملے کو اولیت دینے کیساتھ ساتھ تمام طبقات کی رائے کے مطابق متفقہ موقف اختیار کیا جائے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت جس بکھراﺅ، انتشار کا شکار ہے، ذمہ داران کو چاہیے کہ قوم میں موجود اس انتشار کے خاتمے اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے متفقہ اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جائے، کیونکہ ایک متحد قوم ہی سے تمام چیلنجز سے نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ خارجہ پالیسی پر نظرثانی کی جائے، اعتدال اور قومی وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے خارجہ پالیسی کا ازسرنو جائزہ لیا جائے، ہمیں دشمنیوں کی بجائے اپنے قابل اعتماد دوستوں میں اضافے کی ضرورت ہے، سفارت کاری کو مزید مضبوط اور فعال کیا جائے۔ انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر اگر کوئی کڑا وقت آگیا تو پاک سرزمین کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 695541
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش