QR CodeQR Code

سندھ حکومت کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے کراچی تباہ حالی کا شکار ہے، یعقوب شہباز

7 Jan 2018 23:49

اپنے ایک بیان میں شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر کی کارکردگی بھی صفر ہے، میئر کراچی کو اگر فنڈز کا مسئلہ درپیش ہے، تو وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں، الزام در الزام کی سیاست کی وجہ سے آج کراچی کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز نے کہا ہے کہ رشنیوں کا شہر کراچی سندھ حکومت کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے تباہ حالی کا شکار ہے، روشنی تو دور کی بات، آج کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی بھی معطل ہے، جس سے عوام ذہنی اذیت کا شکار ہے، کراچی کی عوام جو پہلے ہی سندھ حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے نام پر گھنٹوں سڑکوں پر ٹریفک جام میں پھنسی رہتی ہے، اب اُس پر گیس کی بندش کا بھی عذاب ڈال دیا گیا ہے اس تمام صورتحال کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، جس کے وزراء ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں یعقوب شہباز نے کہا کہ الیکشن سے قبل عوام سے بڑے بڑے دعوے کرنے والوں نے آج کراچی کی عوام کو صرف دھوکا ہی دیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر کی کارکردگی بھی صفر ہے، شہر میں جگہ جگہ آج بھی کچرے اور گندگی کے ڈھیر اور انبار موجود ہیں، اس گندگی کے انبار کو اٹھانے میں میئر کراچی اور اُن کی پوری ٹیم ناکام ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کو اگر فنڈز کا مسئلہ درپیش ہے، تو وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں، الزام در الزام کی سیاست کی وجہ سے آج کراچی کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خدارا وہ کراچی کیلئے بھی کچھ اقدام کریں، جس کراچی سے پورا ملک چلتا ہے، اگر اس کراچی کو اس طرح لاوارث چھوڑ دیا گیا، تو پاکستان کی معیشت پر اس کے انتہانی منفی اثرات مرتب ہونگے۔


خبر کا کوڈ: 695569

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/695569/سندھ-حکومت-کی-غفلت-اور-لاپرواہی-وجہ-سے-کراچی-تباہ-حالی-کا-شکار-ہے-یعقوب-شہباز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org