0
Monday 8 Jan 2018 00:30

پیپلز پارٹی ماضی میں بھیڑیے کیطرح لاشیں گراتی رہی، ٹیکس ایشو پر انکے بھی یہی عزائم تھے، شمس میر

پیپلز پارٹی ماضی میں بھیڑیے کیطرح لاشیں گراتی رہی، ٹیکس ایشو پر انکے بھی یہی عزائم تھے، شمس میر
اسلام ٹائمز۔ صوبائی مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا تین نکاتی ایجنڈا بدامنی، کرپشن اور فرقہ واریت ہے۔ صوبائی حکومت نے ایکشن کمیٹی اور انجمن تاجران کے تعاون سے علاقے کو ایک بڑے بحران سے نکالا، جبکہ پیپلز پارٹی کی نام نہاد قیادت اپنے روایتی ایجنڈے کے تحت اس پورے بحران میں سازشوں اور افواہوں کے ذریعے علاقے میں بدامنی پھیلانے کی بھرپور کوششوں میں مصروف تھی۔ پیپلز پارٹی جو ایڈاپٹیشن ایکٹ 2012ء کی خالق تھی اور جس شخص نے اپنے دستخطوں سے مذکورہ ایکٹ کو جی بی میں نافذ کیا، دھرنے کے دوران وہی شخص استقبالیہ کیمپ لگا کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ یعنی پیپلز پارٹی کا کردار اس بحران کے دوران بھیڑ کی کھال میں بھیڑیوں کا تھا۔ یہی جماعت ماضی میں بھیڑیے کی طرح لاشیں گراتی رہی اور ٹیکس ایشو کے دوران بھی اس جماعت کے یہی عزائم تھے کہ لاشیں گریں۔ پیپلز پارٹی کا منشور، مزاج اور ایجنڈا صرف اور صرف تصادم والی پالیسی ہے، جس سے وہ اپنے مردہ سیاسی جسم میں جان ڈالنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

شمس میر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام جمہوری تقاضوں پر عمل کرتے ہوئے افہام و تفہیم کی پالیسی کو اپنایا اور انجمن تاجران و ایکشن کمیٹی کے ساتھ ملکر ٹیکس ایشو کو حل کیا۔ جس سے پیپلز پارٹی کے مزموم عزائم کو دھچکا لگا اور وہ آج خود اپنے زخم چاٹ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے جس دانشمندی اور رواداری سے ٹیکس کا مسئلہ حل کرکے پیپلز پارٹی کے دانٹ کھٹے کئے ہیں، اسی طرح وزیراعلٰی حفیظ الرحمٰن آئینی اصلاحات عوامی امنگوں کے مطابق منظور کروا کر پیپلز پارٹی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت آئینی اصلاحات کے ذریعے گلگت بلتستان میں شفاف گورننس، پرامن سیاسی روایات اور مضبوط معاشی روٹ میپ کا آغاز کرےگی۔ اس کے علاوہ آئینی اصلاحات کے تحت قومی اداروں میں جی بی کی بھرپور نمائندگی اور نوجوانوں کے لئے خوشحال مستقبل کی ضمانت دی جائےگی۔ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کے کھوکھلے نعروں، جھوٹی افواہوں اور گمراہ کن پروپیگنڈوں کی  پرواہ کئے بغیر جی بی میں سیاسی، سماجی، مذہبی رواداری کو فروغ دیکر کاروباری، معاشی اور سیاحتی ترقی کے عمل کو یقینی بنائےگی۔
خبر کا کوڈ : 695575
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش