0
Tuesday 9 Jan 2018 02:35

پاکستان دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہا ہے، یہ رویہ اب برداشت نہیں کیا جائیگا، سی آئی اے چیف کا الزام

پاکستان دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہا ہے، یہ رویہ اب برداشت نہیں کیا جائیگا، سی آئی اے چیف کا الزام
اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد سی آئی اے کے سربراہ مائیک پومپیو نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہا ہے اور امریکہ کو یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔ معروف امریکی پروگرام فیس دی نیشن میں بات کرتے ہوئے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنا امریکہ کو قبول نہیں، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو کہا ہے کہ وہ ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں نہ دیں جو امریکہ کے لئے خطرہ ہیں، ہم دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان مسلسل ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہا ہے، جو امریکہ کے لئے خطرہ ہیں۔ سی آئی اے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک کی محفوظ پناہ گاہیں ختم نہ کرنے پر امریکہ نے پاکستان کو سکیورٹی کی مد میں دی جانے والی 2 ارب ڈالر کی امداد معطل کی، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان سے متعلق ٹوئٹ کے بعد پاکستان کو ہر قسم کی سکیورٹی امداد روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مائیک پومپیو نے کہا کہ ایسا کرنے کا مقصد پاکستان کو ایک موقع فراہم کرنا ہے، اگر وہ مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو ہمیں پاکستان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے میں خوشی ہوگی، ورنہ ہم امریکہ کا تحفظ کریں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکہ کی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے سربراہ مائیک پومپیو نے ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر حکام کی طرح پاکستان پر امریکی شہریوں کو ہدف بنانے والے دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کا الزام عائد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا یہ رویہ اب برداشت نہیں کیا جائے گا۔ امریکی نشریاتی ادارے "سی بی ایس" کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے امریکی خفیہ ایجنسی کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کی امداد روک کر اسے ایک اور موقع فراہم کیا ہے، اگر پاکستان اپنی سرزمین سے تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف جنگ کے عزم کو ثابت کرتا ہے تو ہمیں ان کے ساتھ تعلقات کو آگے لے کر چلنے میں خوشی ہوگی اور اگر پاکستان نے ایسا نہیں کیا تو ہم امریکہ کا تحفظ کریں گے۔ پاک افغان خطے کی صورتحال پر انٹیلی جنس نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانیوں کو اپنی سرزمین میں امریکہ کے لئے خطرے کا باعث بننے والے دہشت گردوں کو مسلسل محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا دیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو آگاہ کر دیا ہے کہ اب یہ سب قابل قبول نہیں ہوگا۔ پاکستان جیسے ایٹمی ملک کی امداد روک کر اس پر دباؤ ڈالنے کے حوالے سے ایک سوال پر مائیک پومپیو نے کہا کہ وہ پاکستان کے حوالے سے امریکہ کی اس پالیسی پر گفتگو نہیں کریں گے اور صرف انٹیلی جنس نقطہ نظر پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ان دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کرے جو امریکہ کے لئے خطرہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 695829
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش