0
Tuesday 9 Jan 2018 16:15

میئر حیدرآباد کی گورنر سندھ سے ملاقات، وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکیج پر تبادلہ خیال

میئر حیدرآباد کی گورنر سندھ سے ملاقات، وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکیج پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ محمد زبیر سے حیدرآباد کے میئر طیب حسین نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں حیدرآباد کی ترقی و خوشحالی کیلئے وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکیج کے ضمن میں تشکیل دیئے گئے منصوبوں میں ہونیوالی پیش رفت، یونیورسٹی اور ایئرپورٹ کی تعمیر، صنعتی علاقوں میں انفرا اسٹرکچر کی ترقی و بحالی اور سماجی شعبے کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں طیب حسین نے گورنر کو تشکیل دیئے گئے منصوبوں میں پیشرفت سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی کیلئے اراضی کی نشاندہی کرلی گئی، جبکہ ایئر پورٹ کیلئے سول ایوی ایشن حکام سے مسلسل رابطہ ہے، اس ضمن میں کام تیزی سے جاری ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ حیدرآباد میں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس ضمن میں وفاق کے تعاون سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو زبردست سہولتیں حاصل ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اعلان کردہ ترقیاتی پیکیج میں ذرائع آمد و رفت، انفرا اسٹرکچر اور سماجی شعبے کی ترقی کو ترجیح حاصل ہے، حیدرآباد کے دیرینہ مسئلے یونیورسٹی کے قیام کو حل کیا جارہا ہے، جس سے شہریوں کو اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں حاصل ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سہولیات کے حامل ایئرپورٹ کی تعمیر سے حیدرآباد کا پورے ملک سمیت بین الاقوامی سطح پر رابطہ قائم ہو جائے گا، جس سے معاشی، سماجی اور دیگر سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ حیدرآباد کیلئے 2007ء میں تشکیل دیئے گئے ماسٹر پلان کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دینا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 695952
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش