0
Tuesday 9 Jan 2018 22:16

کوئٹہ جی پی او چوک پر خودکش دھماکہ، 5 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 25 زخمی

کوئٹہ جی پی او چوک پر خودکش دھماکہ، 5 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 25 زخمی
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان اسمبلی کے قریب جی پی او چوک پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ختم ہوتے ہی اسمبلی سے تھوڑے فاصلے پر ریڈ زون کے قریب جی پی او چوک پر زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خودکش تھا، جس میں خودکش حملہ آور نے پولیس ٹرک کو نشانہ بنایا۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے آج اسمبلی میں اہم اجلاس ہونا تھا، جس کے پیش نظر ریڈ زون میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ تاہم وزیراعلٰی کے استعفٰی دینے کی وجہ سے اجلاس کو ملتوی کر دیا گیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ ایک بار پھر دہشت گردی کا نشانہ بن گیا، صوبائی اسمبلی کے قریب زرغون روڈ پر بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک پر خودکش حملے میں 5 اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید اور 17 زخمی ہوگئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خودکش حملہ آور پیدل تھا اور صوبائی اسمبلی کی طرف جانا چاہتا تھا، راستہ نہ ملنے پر خود کو کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب دھماکے سے اڑا لیا۔ شام 6 بج کر 18 منٹ پر ہونے والے دھماکے سے قبل پورے ملک کی نظریں بلوچستان اسمبلی کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کی معلومات پر لگی تھیں، تب ہی ایوان سے صرف 300 میٹر کی دوری پر ایک خودکش حملہ آور نے خود کو فورسز کے ٹرک کے سامنے اڑا لیا۔ آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پورس سے دہشت گرد داخل ہوکر اہداف کو نشانہ بناتے ہیں، آج کا حملہ آور بھی سرحد پار سے آیا ہوگا۔

حکام کا کہنا تھا کہ بلوچستان اسمبلی خودکش حملہ آور کا ہدف تھی، لیکن راستہ نہ ملنے پر اس نے بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا، ساتھ میں چلنے والی مسافر بس بھی دہشت گردی کے واقعے کی لپیٹ میں آئی۔ حکام کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کے اثرات دور تک محسوس کئے گئے، دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں 6 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خودکش حملہ آور کی عمر 15 سے 20 سال کے درمیان تھی، جس نے دہشت گردی کی اس واردات میں 8 سے 10 کلو بارودی مواد استعمال کیا۔
خبر کا کوڈ : 696054
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش