0
Thursday 11 Jan 2018 18:21
اب صرف رانا ثناءاللہ کو نہیں بلکہ پوری حکومت کو گھر جانا ہوگا، ثروت اعجاز قادری

سانحہ قصور، سنی تحریک نے جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان کر دیا

سانحہ قصور، سنی تحریک نے جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک نے کل 12 جنوری کو قصور میں ننھی زینب کیساتھ ہونیوالے ظلم کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج منانے کا اعلان کر دیا ہے، مساجد میں قراردادِ مذمت منظور کی جائے گی۔ لاہور آفس سے جاری بیان کے مطابق سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پنجاب میں بچیوں کیساتھ زیادتی اور قتل میں اضافے پر گہری تشویش ہے، 7 سالہ بچی زینب سے زیادتی کے بعد قتل ملزمان کی عدم گرفتاری پنجاب حکومت کیلئے سوالیہ نشان ہے، انصاف کی تحریک چلانے کے بلندوبانگ دعوئے کرنیوالے خود ظلم و ستم کی پالیسی پر گامزن ہیں، قصور کی 7 سالہ بچی کیساتھ وحشیانہ عمل کرکے قتل کر دینے کی شدید مذمت کرتے ہیں، بچی کے قاتلوں کو گرفتار اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی بجائے مظاہرین پر فائرنگ کرکے 3 افراد کو جاں بحق کر دیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنا قبلہ درست کرلے انہیں وردیاں اور اسلحہ شہریوں پر گولی چلانے کیلئے نہیں دہشتگردوں، ملزموں کو گرفتار کرنے کیلئے دیا گیا ہے، عوام کے محافظ ہی عوام پر دہشتگردی کر رہے ہیں جس کی ہر سطح پر مذمت کی جانی چاہیے، مظاہرین کے قتل کا مقدمہ پنجاب پولیس اور حکومت پر درج کیا جائے، قصور میں مظاہرین پر ریاستی مشینری کا بے دریغ استعمال درندگی کی بدترین مثال ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ قصور کا متاثرہ خاندان اور ہمددر پہلے ہی اس واقعے پر غم و غصے میں تھے، ایسی صورتحال میں پنجاب پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ کرکے بربریت کی مثال قائم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زینب کے والدین کیساتھ پوری ہمدردی ہے، سیاسی اور نظریاتی اختلافات کا انتقام پنجاب پولیس کے ذریعے لینا قابل تشویش ہے، مسلم لیگ (ن) نے ماضی کی تلخ غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا، عوام کے احتجاج پر گولیاں برسانا اور جمہوری حقوق پر ڈاکہ ڈالنا پنجاب حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے، قصور واقعہ پر فوری غیر جانبدارانہ عدالتی کمیشن بنایا جائے ذمہ داران کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پولیس کے ذریعے فرعونیت کا کھیل کھیلنا بند کر دے، پنجاب پولیس اس وقت مسلم لیگ نواز کا عسکری ونگ اور رانا ثناءاللہ اس کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ ثروت اعجاز قادری نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کا ازخود نوٹس لے اور قصور کے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرے، 13 جنوری کو لاہور میں پیر آف سیال شریف خواجہ حمید الدین سیالوی کی قیادت میں ہونیوالے احتجاج میں سنی تحریک بھرپور شرکت کرے گی، اب صرف رانا ثناء کو نہیں بلکہ پوری حکومت کو گھر جانا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 696400
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش