0
Friday 12 Jan 2018 07:31

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر بچوں سے زیادتی کے واقعات کے سدِباب کیلئے خصوصی ڈیسک قائم

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر بچوں سے زیادتی کے واقعات کے سدِباب کیلئے خصوصی ڈیسک قائم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ تعلیم کو بچوں کے حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ زینب اس قوم کی بیٹی تھی، جس کے ساتھ ہونے والی درندگی نے ہم سب کو جھنجھوڑ دیا ہے، ایسے افسوسناک واقعات روکنے کیلئے قانون کو فوری طور پر حرکت میں آنا چاہیے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اسکولوں میں بچوں کو خصوصی تعلیم دینا بھی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے تمام اسکولوں میں بچوں کو جنسی ذیادتی سے بچنے کیلئے تیار کیا جائیں اور والدین کو بھی اس آگاہی مہم کا حصہ بنایا جائے، بچوں کو اپنے ساتھ ہونے والی ذیادتی کو رپورٹ کرنے کی بھی آگاہی دی جائے اور سکھایا جائے کہ ان کے ساتھ ہونے والی بری حرکت میں اس بچے یا بچی کا قصور نہیں، معصوم بچوں کے ساتھ ہونے والی کسی بھی قسم کی ذیادتی برداشت نہیں کی جائے گی، اس حوالے سے اساتذہ کو بھی تربیت دی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر وزیراعلیٰ ہاﺅس میں بچوں سے زیادتی کے واقعات کے سدِباب کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، یہ ڈیسک وزیراعلیٰ ہاﺅس کی کمپلینٹ سیل میں قائم کیا گیا ہے، جہاں 7/24 شکایت وصول کی جائیں گی۔ کمپلینٹ سیل میں بچوں سے ہونے والی کسی بھی قسم کی زیادتی سے متعلق فون نمبرز 02199202080, 02199202081, 02199207568, 02199207394 اور 919 پر رابطہ کرکے شکایات درج کرائی جا سکتی ہیں، جن کے ازالے کیلئے سیل میں موجود اہلکار فوری کارروائی کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ معاشرے میں اس حوالے سے آگہی اور شعور بیدار کیا جائے۔ انہوں نے پولیس انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی کریں۔
خبر کا کوڈ : 696503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش