QR CodeQR Code

کراچی میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کرلی

12 Jan 2018 16:50

کالعدم ٹی ٹی پی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے خصوصی دستے ایس ٹی ایف کے دہشت گردوں نے کالعدم طالبان کی خفیہ ایجنسی ٹی آئی اے کی اطلاع پر کارروائی کرکے شاکر احمد کو شہید کیا اور وہاں سے بحفاظت غائب ہونے میں کامیاب ہوگئے۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی میں نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل کے قریب قتل ہونے والے پولیس اہلکار کی شہادت کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں شہید پولیس اہلکار شاکر احمد کا سروس کارڈ بھی دکھایا گیا ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے دہشتگردوں نے شاکر احمد کو قتل کیا ہے۔ کالعدم ٹی ٹی پی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے خصوصی دستے ایس ٹی ایف کے دہشت گردوں نے کالعدم طالبان کی خفیہ ایجنسی ٹی آئی اے کی اطلاع پر کارروائی کرکے شاکر احمد کو شہید کیا اور وہاں سے بحفاظت غائب ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب آج صبح سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار شاکر احمد ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ اسے ہیلمٹ پہنے ہوئے موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے شاکر احمد کے چہرے پر گولیاں مار کر اسے شہید کیا۔


خبر کا کوڈ: 696554

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/696554/کراچی-میں-پولیس-اہلکار-کو-قتل-کرنے-کی-ذمہ-داری-کالعدم-تحریک-طالبان-نے-قبول-کرلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org