0
Friday 12 Jan 2018 20:26

سنی تحریک نے سانحہ قصور کیخلاف یوم احتجاج منایا، وفد کی زینب کے لواحقین سے ملاقات، اظہار تعزیت

سنی تحریک نے سانحہ قصور کیخلاف یوم احتجاج منایا، وفد کی  زینب کے لواحقین سے ملاقات، اظہار تعزیت
اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک کے زیراہتمام سانحہ قصور کیخلاف لاہور سمیت ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا اور معصوم زینب کے قتل اور مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے جبکہ جمعہ کے تمام اجتماعات میں سانحہ قصور کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ سنی تحریک کے مرکزی رہنما شاداب رضا نقشبندی کی قیادت میں علماء و مشائخ کے وفد نے ننھی مقتولہ زینب کے گھر میں اس کے والد سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ قصور سے پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں، معصوم زینب کے درندہ صفت قاتل کو سر عام پھانسی دی جائے، حکمرانوں نے ماڈل ٹاؤن اور فیض آباد کے سانحات سے کوئی سبق نہیں سیکھا، قصور میں بھی نہتے مظاہرین کو سیدھی گولیاں مار کر شہید کیا گیا، پنجاب میں پولیس کو سیاسی ڈھال اور ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اہلسنّت سے اپنے سیاسی اور نظریاتی اختلافات کا انتقام پولیس کے ذریعے لے رہی ہے، عوام کے آئینی و جمہوری حقوق پر ڈاکہ ڈالنا حکمرانوں کا وطیرہ بن چکا ہے، قصور واقعہ پر فوری طور پر غیر جانبدارانہ عدالتی کمیشن بنایا جائے اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے، جب تک زینب کے قاتل کو پھانسی کے پھندے تک نہ پہنچا دیں، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں بچیاں محفوظ نہ ہوں اس کا وجود بہت جلد مٹ جاتا ہے، معصوم زینب کا اندوہناک قتل ہر گھر کو سوگوار اور ہر آنکھ کو اشکبار کر گیا ہے، پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ کرکے جس جرم کا ارتکاب کیا ہے، اس کا عدلیہ کو نوٹس لینا چاہیے، معاشرے میں بڑھتے ہوئے جنسی زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے عوامی مقامات پر پھانسی گھاٹ بنائے جائیں۔ ملاقات کرنے والوں میں شیخ محمد نواز قادری، محمد عاصم گجر، محمد راشد عطاری، علامہ شیراز حسین قادری، علامہ محمد سعید قادری دیگر علماء بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 696592
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش