QR CodeQR Code

کشمیر میں اسکول، مساجد اور مدارس انتہاپسندی کے محرکات ہیں، جنرل بپن راوت

13 Jan 2018 22:50

نئی دہلی میں ایک سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل بپن راوت نے کہا کہ کشمیر کے اساتذہ اسکولوں میں طلاب کو دو نقشے سکھا رہے ہیں، ایک بھارت کا اور ایک جموں و کشمیر کا۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ کشمیر کے تعلیمی نظام میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے نیز مساجد اور مدرسوں پر کسی حد تک کنٹرول ہونا چاہیے۔ نئی دہلی میں ایک سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل بپن راوت نے کہا کہ کشمیر کے اساتذہ اسکولوں میں طلاب کو دو نقشے سکھا رہے ہیں، ایک بھارت کا اور ایک جموں و کشمیر کا۔ فوجی سربراہ نے کہا کہ ریاست کے لئے دو نقشوں کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سوشل میڈیا اور سرکاری سکول حقیقت سے دور ایک مہم چلا رہے ہیں جس کی بدولت نوجوانوں میں مذہبی انتہاپسندی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مساجد اور مدرسوں پر کچھ کنٹرول ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس نہج کے خلاف تعلیمی نظام کو بڑے پیمانے پر بدلنے کی ضرورت ہے تاکہ اس مسئلہ سے نمٹا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مساجد اور مدرسوں پر کچھ حد تک کنٹرول سے غلط اطلاعات کو پھیلنے میں مدد مل سکے گی، جسے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے ہر ایک سکول میں جموں و کشمیر کا الگ نقشہ موجود ہے، اس کے ساتھ ساتھ بھارت کا نقشہ بھی ہے، ایسا ہونے سے بچوں کے ذہنوں میں الگ شناخت ہونے کے بیچ بوئے جانے کا تاثر پیدا کیا جاتا ہے۔

بپن راوت نے کہا ” اگر آپ کشمیر کے کسی بھی سکول میں جائیں گے تو دو نقشے دیکھیں گے، کیوں جموں و کشمیر کا الگ نقشہ رکھا جائے، اگر آپ ریاست کا نقشہ رکھیں گے تو ملک کی تمام ریاستوں کے نقشے بھی رکھیں، کیوں آپ ملک کا نقشہ رکھیں اور ساتھ ہی بچوں کو بتادیں کہ ہماری الگ شناخت بھی ہے، لہٰذا مسئلہ کی بنیاد زمینی سطح پر ہے کہ کس طرح سکولوں میں تعلیمی نظام کو کورپٹ کیا گیا ہے“۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی پی ایس میں ایسا نہیں ہے، اسی لئے بیشتر سکولوں میں پتھراﺅ کرنے والے سامنے آتے ہیں، کیونکہ کئی نوجوان جو گرفتار ہوئے ایسے ہی سرکاری سکوں میں زیر تعلیم تھے۔ انہوں نے کہا کہ مزید پبلک اور سی بی ایس سی سکولوں کو کھول کر ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے۔ راوت نے کہا ”کشمیر کے سکولوں میں کیا پڑھایا جارہا ہے، اگر آپ کشمیر جاکر سکولوں میں دیکھیں کہ کونسی تعلیم دی جارہی ہے تو مجھے خوشی ہوگی“۔


خبر کا کوڈ: 696765

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/696765/کشمیر-میں-اسکول-مساجد-اور-مدارس-انتہاپسندی-کے-محرکات-ہیں-جنرل-بپن-راوت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org