QR CodeQR Code

تری خیل کے مکینوں کا پولیو مہم سے بائیکاٹ

15 Jan 2018 20:01

جرگہ میں پولیو مہم سے بائیکاٹ کا فیصلہ کرنے کے بعد گاؤں کے مساجد میں اعلانات بھی کئے گئے، اس ضمن میں آدم زئی اور بہرام خیل دیہاتوں کے مکینوں نے بھی تری خیل کے فیصلے کی حمایت کا اعلان کردیا۔


اسلام ٹائمز۔ ضلعی لکی مروت کے علاقہ تری خیل کے مکینوں نے بجلی بندش کے باعث آج سے شروع ہونے والے پولیو مہم سے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ روز ایک جرگہ منعقد ہوا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ جب تک بجلی بحال نہیں کی جائے گی تب تک وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلوائے گے۔ جرگہ میں پولیو مہم سے بائیکاٹ کا فیصلہ کرنے کے بعد گاؤں کے مساجد میں اعلانات بھی کئے گئے، اس ضمن میں آدم زئی اور بہرام خیل دیہاتوں کے مکینوں نے بھی تری خیل کے فیصلے کی حمایت کا اعلان کردیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق تین روز قبل محکمہ واپڈا نے تری خیل کی بجلی لائن منقطع کردی تھی جس کے باعث مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب محکمہ واپڈا کے حکام نے موقف اپنایا ہے کہ بقایاجات کی عدم ادائیگی پر بجلی منقطع کی گئی ہے جو بقایاجات کی ادائیگی تک منقطع رہے گی۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا اور فاٹا میں سال 2018 کی پہلی تین روزہ پولیو مہم آج سے شروع ہوگئی ہے جس کے دوران پختونخوا میں پانچ سال سے کم عمر کے 57 لاکھ سے زائد جبکہ فاٹا میں 10 لاکھ 25 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کا ہدف رکھا گیا ہے جن میں ایک لاکھ 73 ہزار بچوں کا تعلق لکی مروت کے مذکورہ مہم سے بائیکاٹ کرنے والے دیہاتوں سے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 697270

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/697270/تری-خیل-کے-مکینوں-کا-پولیو-مہم-سے-بائیکاٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org