0
Tuesday 16 Jan 2018 00:31

شام کے حوالے سے نئے امریکی منصوبے کا نتیجہ ناکامی کے سوا کچھ نہیں ہوگا، فیصل مقداد

شام کے حوالے سے نئے امریکی منصوبے کا نتیجہ ناکامی کے سوا کچھ نہیں ہوگا، فیصل مقداد
اسلام ٹائمز۔ شام کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے شام کی سرحدوں پر سکیورٹی فورسز کی تشکیل کے نئے منصوبے کا انجام ناکامی کے سوا اور کچھ نہیں ہوگا۔ شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نیوز ٹی وی چینل المیادین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے شام کی سرحد پر فورسز کی تعیناتی کا اقدام حیرت کی بات نہیں بلکہ یہ اسرائیلی اقدامات سے پوری طرح ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے اس منصوبے کا نتیجہ بھی ناکامی کے سوا کچھ نہیں ہوگا اور یہ منصوبہ بھی پہلے امریکی منصوبوں کی طرح شکست سے دچار ہوگا۔ شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے اپنے بیان میں اس بات کا اظہار کیا کہ یہ شامی قوم ہے، جو اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی، ان جدید سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے شامی قوم کے عزم میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ شام کے نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ کی دھمکیاں جو کچھ بھی ہوں، شام اپنے وطن کی مٹی کو دہشتگردوں اور امریکی ایجنٹوں سے آزاد کرانے کے لئے مصمم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کا یہ نیا منصوبہ شام کے خلاف امریکی اور بین الاقوامی جارحیت کا حصہ ہے۔ مقداد  نے مزید کہا کہ جو کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ وہ اپنے اقدامات کے ذریعے شام کی وحدت کو نقصان پہنچائے گا تو وہ وہم کا شکار ہے۔ شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے کہا کہ روس کا موقف سنجیدہ اور شام کی وحدت کے احترام پر قائم ہے اور اس ملک کا یہ موقف بین الاقوامی قوانین سے پوری طرح ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی جانب سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کے حوالے سے شام اور روس کا موقف ایک جیسا ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی بنائی گئی سکیورٹی فورسز دہشت گرد گروہ داعش سے مل گئی ہیں اور امریکہ کی یہ نئی کوشش ہمارے خلاف جنگ میں امریکہ کی شکست کو بیان کر رہی ہے۔ شام کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ جن فورسز کی تشکیل کی کوشش میں ہے، وہ خیالی ہیں، اس کا یہ عمل ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتا اور ہم مطمئن ہیں کہ شام متحد باقی رہے گا۔ انہوں اس بات پر تاکید کہ شام کی فوج اور اس کے اتحادی ان کے مقابلے کے لئے، جو شام کی ارضی سالمیت کے خلاف جارحیت کا قصد رکھتے ہیں، پوری طرح تیار بیٹھے ہیں۔ شام کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا پیغام جن تک لازمی پہنچنا چاہیے تھا، پہنچ گیا اور وہ اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ شام کی فوج اپنے مقاصد کو حاصل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی غیر ملکی فورسز چاہے، وہ امریکہ کی ہوں یا ترکی کی، جن کے مقاصد شامی حکومت سے ہم آہنگ نہیں ہیں، انہیں جارح تصور کیا جائیگا اور شام کی سرزمین پر ان کی موجودگی غیر قانونی ہے۔ المقداد نے کہا کہ ہم اپنے ملک میں ہر طرح کی موجودگی حتٰی عام افراد کی موجودگی کو اپنے ملک کے خلاف جارح سمجھتے ہوئے، اسی بنیاد پر ان سے برتاو کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ترکی کا موقف صرف میڈیا کے لئے ہے، ہمیں اس ملک پر اعتماد نہیں اور ترکی شام میں دہشت گردی کے نفوذ کا ذمہ دار ہے۔ اس سے پہلے شام کی وزارت خارجہ کے ایک ذریعے نے کہا کہ شام واشنگٹن کی جانب سے شامی سرحدوں پر سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کے فیصلے کے شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت امریکہ کا یہ عمل اس ملک کی ان تخریبی پالیسیوں کا حصہ ہے، جن کا مقصد اس علاقے کے ممالک کی تقسیم اور ان ممالک میں بحرانوں کو سنگین کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 697353
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش