0
Thursday 18 Jan 2018 10:20

عاصمہ کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، آئی جی پی

عاصمہ کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، آئی جی پی
اسلام ٹائمز۔ انسپیکٹر جنرل (آئی جی) خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل رپورٹ کے مطابق اتوار کو مردان سے جس 4 سالہ بچی کی لاش ملی اس کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی گئی ہے۔ صلاح الدین محسود نے کہا کہ میڈیکو لیگل رپورٹ کے مطابق بچی کو گلا دبا کر قتل کیا گیا جبکہ رپورٹ میں بچی سے جنسی زیادتی کی بھی نشاندہی کی گئی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ پولیس واقعے کی فرانزک رپورٹ کا انتظار کررہی ہے، کیونکہ میڈیکو لیگر رپورٹ میں کچھ معاملات کی وضاحت نہیں کی گئی۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ بچی کی لاش اس کے لاپتہ ہونے کے ایک روز بعد گنے کے کھیت سے ملی۔ 14 جنوری کو ریجنل پولیس آفسر مردان کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) انویسٹی گیشن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ صلاح الدین محسود نے کہا کہ متاثرہ بچی کے اہلخانہ، صوبائی تنازع حل کونسل کے اراکین اور مقامی سیاسی رہنماؤں پر مشتمل ایک غیر رسمی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جو پولیس کی تحقیقات کی نگرانی کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی این اے کے نمونے سمیت واقعے کے تمام شواہد جمع کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے ملزمان کی جلد گرفتاری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت یہ واقعہ صوبائی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے بچی کے اہلخانہ اور ضلعی ناظم پر معاملے کو دبانے کی کوشش اور بچی سے زیادتی کو چھپانے کا الزام لگایا گیا تھا۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) واقعے کے خلاف احتجاج بھی کیا جبکہ پولیس کی طرف سے بھی واقعے کی فرانزک رپورٹ بدھ کو آنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ ملک میں گذشتہ کچھ عرصے کے دوران بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تاہم قصور میں 6 سالہ بچی زینب کا ریپ اور قتل کے واقعے نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، جس کی لاش گذشتہ ہفتے کوڑے سے ملی تھی۔ کمسن بچی کے ساتھ درندگی کے اس وقعے کے خلاف قصور سمیت ملک بھر میں احتجاج کیا گیا اور ملزمان کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ تاہم واقعے کا مرکزی ملزم صوبائی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے متعدد کمیٹیاں تشکیل دیئے جانے اور کئی ایجنسیوں کے کیس پر کام کرنے کے باوجود تاحال مفرور ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے بدھ کے روز قصور کا دورہ کیا اور کہا کہ زینب واقعے میں اہم کامیابی حاصل کرلی گئی ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ انہوں نے واقعے کو سیاست کی نذر کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس بچی کا مردان میں قتل ہوا وہ بھی قوم کی بیٹی تھی اور کیا مال روڈ پر احتجاج کرنے والے اس بچی سے بھی اسی طرح یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے جس طرح انہوں نے زینب کے ساتھ کیا۔
خبر کا کوڈ : 697937
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب