0
Thursday 18 Jan 2018 21:24

شام، عفرین میں ترکی کیجانب سے کسی بھی فوجی اقدام کا معقول جواب دیا جائیگا، فیصل مقداد

شام، عفرین میں ترکی کیجانب سے کسی بھی فوجی اقدام کا معقول جواب دیا جائیگا، فیصل مقداد
اسلام ٹائمز۔ شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے ترکی کو انتباہ کیا ہے کہ ترک فوج کی جانب سے شامی علاقے عفرین میں کسی بھی فوجی آپریشن پر شام کی جانب سے معقول ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔ انہوں نے خبر نگاروں سے بات کرتے ہوئے ترکی کے موقف کے بارے میں اظہار خیال کیا، انہوں نے ترکی کی جانب سے عفرین میں کسی بھی قسم کے فوجی اقدام کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کوئی بھی ایسا عمل جمہوریہ عربیہ شام کی سرزمین کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ فیصل مقداد کا کہنا تھا کہ ترک حکام کے حالیہ بیانات نے ہماری پریشانی میں شدید اضافہ کیا ہے۔ ترکی کے حکام کے بیانات خصوصاً شام کے شمال میں جنگ شروع کرنے کے اعلان نے ہمیں شدید پریشان کر دیا ہے اور ایسا ایسی صورت میں ہو رہا ہے، جب جمہوری عربی شام ترکی کے عوام کے ساتھ بھترین تعلقات قائم کرنے کی شدت سے خواہش مند ہے۔ ترک حکام کے اس موقف اور اس کی مسلح افواج کی جانب سے ہماری سرزمین کے خلاف اقدامات نے شام کی عوام کی ناراضگی اور انکے اس اقدام مخالف جذبات کو مکمل طور پر مشتعل کر دیا ہے۔ ہم ترکی کے حکام کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر انہوں نے عفرین کے علاقے میں فوجی آپریشن کیا، تو انکا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کے مطابق ترک فوج کی جانب سے جمہوریہ عربیہ شام کی حاکمیت کے خلاف ایک جارحیت تصور ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوری عربی شام کے خلاف ترک فوج کے کسی بھی ایسے جارحانہ فوجی اقدام کا شامی عوام مناسب اور معقول انداز میں جواب دیں گے۔ اگر انقرہ نے ایسا کوئی بھی فوجی اقدام کیا تو وہ شام کے بحران حل کے حامی کی اپنی موجودہ حیثیت کو پیچیدہ کر دے گا، اور وہ شام کے خلاف اس جارحانہ اقدام کے نتیجے میں اپنی حیثیت کو ایک دہشتگرد گروہ کے برابر لاکھڑا کرے گا، یعنی ایسا اقدام کرنے کی صورت میں ترکی اور ان دہشتگرد گروہوں جو گذشتہ سات سال سے شام کو اپنی دہشتگردانہ کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں، کے درمیان کوئی فرق نہیں رہے گا، ہم ترکی کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کو مسلح کرنے، انہیں شام میں منتقل کرنے، ان کی مالی مدد کرنے، ان کو شامیوں کے قتل عام میں تعاون فراہم کرنے اور شام کو نابود کرنے کے لئے انہیں سہولیات فراہم کرنے پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ترکی کی مسلح افواج کی جانب سے شام کی سرزمین پر موجودگی کے موضوع کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، شام کی فوج کے بہادر جوان شام کی سرزمین کا پوری شجاعت کے ساتھ مکمل طور پر دفاع کریں گے۔ ہم خبردار کرتے ہیں کہ شام کی فضائی دفاعی فورسز نے اپنی صلاحیت کو دوبارہ مکمل طور پر بحال کر لیا ہے اور جمہوریہ عربی شام کی فضائی حدود میں ترکی کے ہوائی جہازوں کو نشانہ بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہیں اور اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر ترکی کے جنگی ہوائی جہاز شام کی فضائی حدود میں داخل ہوں تو  وہ ہرگز اپنے آپ کو محفوظ تصور نہ کریں۔ آخر میں اس بات پر تاکید کرتا ہوں کہ ترکی کے حکام کان کھول کر اچھی طرح سے سن لیں اور یہ پیغام واضح طور پر تمام اہم ذمہ دار حکام تک پہنچ جائے، جمہوریہ عربی شام  کے شمال مشرقی اور شمالی علاقہ جات اور خاص طور پر عفرین پہلے بھی شام کی سرزمین کا حصہ تھا، ہے اور عربی شام کی سرزمین کا حصہ باقی رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 698189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش