0
Saturday 20 Jan 2018 14:16

کوئٹہ میں پولیو ورکرز قتل کیخلاف خیبر پختونخوا میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا 3 روزہ سوگ

کوئٹہ میں پولیو ورکرز قتل کیخلاف خیبر پختونخوا میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا 3 روزہ سوگ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں پولیو ورکرز ماں بیٹی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صوبہ بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ اس ضمن میں آج صوبہ بھر میں یوم سیاہ بھی منایا جارہا ہے۔ اس حوالے سے گذشتہ روز ایل ایچ ڈبلیو پروگرام کی صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جمعرات کے روز بلوچستان میں قتل کی جانے والی ماں بیٹی پولیو ورکرز کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کے دوران ایل ایچ ڈبلیو تنظیم کی صوبائی صدر مسماۃ شاہ رخ نے کہا کہ لیڈی یلتھ ورکرز اپنے بچوں کو گھروں میں چھوڑ کر قوم کے بچوں کو بیماری سے تحفظ دینے کیلئے نکلتی ہیں لیکن اُن کے تحفظ کیلئے اقدامات نہیں کئے جارہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں قرار واقعی سزاء دی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔ انہوں نے وزیراعلٰی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے اپیل کی کہ مقتولین کے ورثاء کو شہداء پیکیج دیا جائے اور گھر کے کسی ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز کوئٹہ کے علاقے شالکوٹ میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم بچوں کی ویکسینیشن میں مصروف تھی کہ اسی اثنا میں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ورکر خاتون سکینہ موقع پر جاں بحق جبکہ دوسری زخمی ہوگئی، زخمی خاتون کو فوری طور پرہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کی فراہمی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
خبر کا کوڈ : 698356
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش