0
Saturday 20 Jan 2018 16:33

ہندوؤں کا مخالف نہیں بلکہ نریندر مودی اور امت شاہ کے خلاف ہوں، پرکاش راج

ہندوؤں کا مخالف نہیں بلکہ نریندر مودی اور امت شاہ کے خلاف ہوں، پرکاش راج
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے مشہور فلم اداکار پرکاش راج نے انڈیا ٹوڈے کانکلیو پروگرام میں کہا ہے ’’میں ہندوؤں کے خلاف نہیں، میں اینٹی مودی ہوں اور اینٹی امت شاہ ہوں۔ انہوں نے کہا ’’میرے خیال میں یہ لوگ ہندو نہیں ہیں کیونکہ جو شخص ایک مذہب کو دنیا سے ہٹانا چاہتا ہے وہ ہندو نہیں ہوسکتا‘‘۔ پرکاش راج نے کہا کہ جو قاتلوں کی حمایت کرتے ہوں وہ ہندو نہیں ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ لوگ کہہ سکتے ہیں کہ میں ہندوؤں کے خلاف ہوں تو پھر میں بھی یہ کہہ سکتا ہوں کہ یہ لوگ ہندو نہیں ہیں۔ پرکاش راج نے مرکزی وزیر اننتتھ کمار ہیگڈے کے آئین کو تبدیل کرنے کے بیان کے بارے میں کہا کہ چار دن پہلے میں سرسی میں تھا اور وہاں ایک تقریب کے دوران سٹیج سے میں نے مرکزی وزیر سے سوال کیا کہ کیا جو آئین میں درج ہے وہ اس کا مطلب بھی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کے تین دن بعد بی جے پی کے لوگوں نے اس سٹیج کو گائے کے پیشاب سے دھوتے ہوئے کہا کہ پرکاش راج گائے کا گوشت کھاتا ہے اور گائے کا گوشت کھانے والوں کی حمایت کرتا ہے، اس لئے اس جگہ کو پاک کرنے کی ضرورت ہے۔

بھارتی فلم اداکار پرکاش راج کا کہنا ہے کہ حالانکہ میں نے سٹیج پر گوشت کی بات تک نہیں کی لیکن یہ لوگ کچھ بھی کہہ سکتے ہیں، اب چاہے وہ لوگوں کے بارے میں ہو یا کسی فلم کے بارے میں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے فلم ’’پدماوت‘‘ کی ریلیز کی اجازت دے دی ہے لیکن یہ سماج دشمن اس بات کو ماننے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ اگر آپ ان سماج دشمن عناصر کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں تو ٹھیک ہے ورنہ آپ کی اظہارِ رائے کی آزادی کوئی معنی نہیں رکھتی۔ پرکاش راج کہتے ہیں کہ میں نے صحافی گوری لنکیش کی موت پر لوگوں کو جشن مناتے ہوئے دیکھا اور یہ وہ لوگ تھے جنہیں ہمارے ملک کے وزیراعظم سوشل میڈیا پر فالو کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کیوں ایسے معاملات پر خاموش رہتے ہیں مجھے یہ بات چبھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سچا ہندو کبھی بھی کسی کی موت کا جشن نہیں منائے گا اور اگر میرا وزیراعظم اپنے وزیر کو اس طرح سے کام کرنے سے نہیں روک رہا تو میں اپنے وزیر اعظم سے بھی کہوں گا کہ آپ بھی ہندو نہیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 698405
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش