QR CodeQR Code

فلسطین فاؤنڈیشن کے وفد کی کراچی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر و اراکین سے ملاقات

20 Jan 2018 19:44

ملاقات کے موقع پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر حیدر امام رضوی نے مسئلہ فلسطین پر عالم اسلام کے حکمرانوں کی بے حسی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زور دیا کہ ایسے مسلمان ممالک جن کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات ہیں، وہ فی الفور اسرائیل سے اپنے تعلقات کو ختم کریں۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں نے پی ایل ایف کے سرپرست رہنماء و رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان ایڈوکیٹ کی قیادت میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر حیدر امام رضوی اور اراکین کابینہ سے سٹی کورٹ کراچی بار روم میں ملاقات کی۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد میں تحریک انصاف کے رہنماء اسرار عباسی، جمشید ٹاؤن یوسی ناظمہ ارم بٹ، قومی بین المذاہب ہم آہنگی کے چیئرمین راؤ ناصر علی، جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر انور بلوچ اور پی ایل ایف کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم اور دیگر شریک تھے، جبکہ کراچی بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر حنیف قریشی، اشفاق احمد، ریاض خان سمیت وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پی ایل ایف کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر حیدر امام رضوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مسئلہ فلسطین اور مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد کرنے پر فلسطین فاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

حیدر امام رضوی کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام اور مظلومین جہاں کا اولین مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بار ایسوسی ایشن فلسطین کاز کی حمایت میں ہر ممکنہ اقدام اٹھاتی رہے گی۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین پر عالم اسلام کے حکمرانوں کی بے حسی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زور دیا کہ ایسے مسلمان ممالک جن کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات ہیں، وہ فی الفور اسرائیل سے اپنے تعلقات کو ختم کریں۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے حیدر امام رضوی کو فلسطین فاؤنڈیشن کی سرپرست کمیٹی کی رکنیت کی پیش کش کی اور ان کو کراچی بار ایسوسی ایشن کا صدر اور دیگر اراکین کو منتخب ہونے پر دلی مبارک باد بھی دی۔


خبر کا کوڈ: 698478

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/698478/فلسطین-فاؤنڈیشن-کے-وفد-کی-کراچی-بار-ایسوسی-ایشن-نومنتخب-صدر-اراکین-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org