0
Thursday 5 May 2011 00:16

اسامہ کی موجودگی،امریکا نے پاکستان سے وضاحت طلب کر لی

اسامہ کی موجودگی،امریکا نے پاکستان سے وضاحت طلب کر لی
واشنگٹن:اسلام ٹائمز۔ امریکا نے اسامہ بن لادن اور ایبٹ آباد میں ان کی طویل عرصہ تک موجودگی کے بارے میں پاکستان سے فوری طور پر کئی سوالات کا جواب مانگا ہے۔ فوجی تنصیبات میں گھرے ایبٹ آباد میں القاعدہ کے رہنما کی طویل عرصہ تک موجودگی اور اس بارے میں پاکستان کی لاعلمی نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ ایک امریکی اخبار کے آرٹیکل کے مطابق امریکی فوجی، خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں اور سفارتکاروں نے پاکستانی حکام سے ملاقات میں وضاحت مانگی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا نے جہاں اسامہ بن لادن کی پاکستان میں طویل عرصے تک موجودگی اور اس سے بے خبری کے بارے میں پوچھا ہے، وہیں اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ کے مالک اس کو تعمیر کرنیوالے، وہاں سکیورٹی سسٹم نصب کرنیوالے کے بارے میں بھی دریافت کیا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق امریکا نے کہا ہے کہ اسے ان عینی شاہدین کے نام فراہم کئے جائیں جو کمپاؤنڈ میں آنیوالوں کی تصدیق کر سکیں۔ 
دوسری جانب امریکی کانگریس نے اسامہ کے بارے میں یہ بات ماننے سے انکار کیا ہے کہ اسامہ بن لادن پاکستانی حکام کی نظروں میں آئے بغیر ایبٹ آباد میں قیام پذیر تھا۔ کانگریس کے کچھ ارکان پاکستان کو دی جانیوالی تین بلین ڈالر کی سالانہ فوجی اور اقتصادی امداد پر نظر ثانی کا مشورہ دے رہے ہیں جبکہ اسپیکر جون اےBoehner سمیت کچھ ارکان کا کہنا ہے کہ یہ وقت پاکستان سے دور جانے کا ہرگز نہیں ہے۔ اوباما انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق اس وقت پاکستان کو یہ ثابت کرنا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کا واقعی اتحادی ہے۔
خبر کا کوڈ : 69883
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش