QR CodeQR Code

شبقدر میں سیکنڈ ائیر کے طالب علم نے کالج پرنسپل کو قتل کردیا، ملزم گرفتار

22 Jan 2018 17:12

واقعے کے حوالے سے مقامی پولیس نے بتایا کہ پرنسپل نے ایک روز قبل طالب علم سے کالج میں 3 روز تک غیر حاضری کے حوالے سے سوال کیا تھا اور برہمی کا اظہار کیا تھا، تایم فہیم دوسرے دن اپنے ہمراہ ایک پستول کالج لایا اور پرنسپل کو قتل کردیا۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں نجی کالج کے سیکنڈ ائیر کے طالب علم نے اپنے پرنسپل کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کے حوالے سے مقامی پولیس نے بتایا کہ پرنسپل نے ایک روز قبل طالب علم سے کالج میں 3 روز تک غیر حاضری کے حوالے سے سوال کیا تھا اور برہمی کا اظہار کیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ فہیم دوسرے دن اپنے ہمراہ ایک پستول کالج لایا اور پرنسپل کو قتل کردیا۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہورہا تھا کہ قریب ہی موجود فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے اہلکاروں نے اسے قابو کرلیا اور بعد ازاں پولیس کے پہنچنے پر اسے پولیس کے حوالے کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے ملزم کو تھانے منتقل کردیا ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ واقعے کے بعد مقتول پرنسپل کے ورثاء نے شبقدر بازار میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ مقتول کے ورثاء کا کہنا تھا کہ سریر خان قرآن پاک کا حافظ تھا اور اپنی مسجد میں امامت بھی کرتا تھا۔ مظاہرین نے خدشہ ظاہر کیا کہ پولیس ملزم کو بچانے کی کوشش کررہی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ بھی کیا کہ ملزم کو اُن کے حوالے کیا جائے بصورت دیگر وہ پُرتشدد مظاہروں کا راستہ اپنائیں گے۔ چارسدہ کے پولیس آفیسر ظہور آفریدی کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے جبکہ یہ تعین بھی کیا جارہا ہے ملزم طالب علم اسلحہ اپنے ساتھ کالج کیسے لے کر گیا اور اس ضمن میں کوتاہی برتنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 698883

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/698883/شبقدر-میں-سیکنڈ-ائیر-کے-طالب-علم-نے-کالج-پرنسپل-کو-قتل-کردیا-ملزم-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org