QR CodeQR Code

لیڈی ہیلتھ ورکرزکو جلد خوشخبری سننے کو ملے گی، ترجمان فاٹا سیکرٹریٹ

22 Jan 2018 19:18

میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے احتجاج میں شریک ایک لیڈی ہیلتھ ورکر کا کہنا تھا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے نامساعد حالات کے باوجود وہ پولیو کی ہر مہم میں حصہ لیتی رہی ہیں لیکن تنخواہ کی بجائے انہیں ہر ماہ صرف تنخواہ آنے کی یقین دہانی ہی دی جاتی رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فاٹا کی مختلف ایجنسیوں میں خدمات سرانجام دینے والی لیڈی ہیلتھ ویزٹرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ورسک روڈ کو بند کر دیا اور فاٹا سیکرٹریٹ کیخلاف نعرے بازی کی۔ خیبر، مہند اور باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والی ان لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کہنا تھا کہ ان میں سے بعض کی گزشتہ سال جولائی سے جبکہ بعض ورکرز کی دو سال سے تنخواہیں بند ہیں جس کی وجہ سے انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے احتجاج میں شریک ایک لیڈی ہیلتھ ورکر کا کہنا تھا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے نامساعد حالات کے باوجود وہ پولیو کی ہر مہم میں حصہ لیتی رہی ہیں لیکن تنخواہ کی بجائے انہیں ہر ماہ صرف تنخواہ آنے کی یقین دہانی ہی دی جاتی رہی ہے۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز نے دھمکی دی کہ اگر ان کی تنخواہیں جاری نہ کی گئیں تو انسداد پولیو کی اگلی مہم کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ بعدازاں فاٹا سیکرٹریٹ کے ترجمان عبدالسلام وزیر کی جانب سے ایک ہفتہ کے اندر مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کیا گیا۔ اس موقع پر ترجمان فاٹا سیکرٹریٹ نے میڈیا کو بتایا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مستقلی کیلئے وفاقی حکومت کو مراسلہ بھیجا گیا ہے اور امید ہے کہ تنخواہوں کے ساتھ ساتھ فاٹا کی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقلی کی خوشخبری بھی سننے کو ملے۔


خبر کا کوڈ: 698900

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/698900/لیڈی-ہیلتھ-ورکرزکو-جلد-خوشخبری-سننے-کو-ملے-گی-ترجمان-فاٹا-سیکرٹریٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org