0
Tuesday 23 Jan 2018 07:30

سینیٹر حافظ حمد اللہ کا امریکی سفارتکار سے ملاقات سے انکار

سینیٹر حافظ حمد اللہ کا امریکی سفارتکار سے ملاقات سے انکار
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر حافظ حمد اللہ نے امریکی سفارتکار گراہم فورسٹ سے ملنے سے انکار کردیا۔ امریکی سفارتخانے کے پولیٹیکل افسر گراہم فورسٹ نے سینیٹر حافظ حمد اللہ سے ملاقات کی درخواست کی تھی، جس پر قانون ساز نے خط کے ذریعے اپنا جواب دیتے ہوئے ملاقات سے انکار کردیا تھا۔ حافظ حمد اللہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا گیا کہ امریکا کی طرف سے انہیں اور ایوان بالا کے کئی ارکان کو امریکا کا ویزا نہیں دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتخانے کی انتظامیہ کا رویہ تضحیک آمیز اور ناقابلِ برداشت تھا، جبکہ چئیرمین سینیٹ کی رولنگ کے مطابق امریکی وفد کو سینیٹ میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔ حافظ حمد اللہ کے خط کے مطابق چئیرمین سینیٹ نے کہا تھا کہ امریکا کی جانب سے ویزا نہ دینے کے مسئلے پر معافی سامنے آجانے تک ایوانِ بالا کا کوئی بھی وفد امریکا کا دورہ نہیں کرے گا۔ حافظ حمد اللہ نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان مخالف بیان اور امریکی انتظامیہ کے نامناسب رویئے کو بھی قابلِ مذمت قرار دے دیا۔ خط میں موقف اختیار کیا گیا کہ چئیرمین سینیٹ کی ہدایت اور امریکا کے پاکستان کے ساتھ رویے کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی امریکی فرد یا وفد سے ملاقات نہیں کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 698998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش