0
Tuesday 23 Jan 2018 13:30

ہری پور جیل میں 2 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

ہری پور جیل میں 2 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ سینٹرل جیل ہری پور میں سزائے موت پانے والے 2 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکادیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جان بہادر اور امان الله کو تختہ دار پر لٹکایا گیا، جان بہادر ولد گل بہادر سکنہ تخت بائی مردان نے عداوت کی بنا پر قتل کیا تھا جبکہ امان اللہ ولد محمد ہاشم سکنہ ڈی آئی خان نے گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی کو قتل کردیا تھا۔ پھانسی سے قبل دونوں مجرموں سے ان کے اہلخانہ کی ملاقات بھی کرائی گئی جبکہ پھانسی دینے کیلئے جلاد صادق مسیح کو خصوصی طور پر پشاور سے طلب کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ سال 2018ء میں حکومت کی جانب سے دی جانے والی یہ پہلی پھانسی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 3 ملزمان کی سزا پر عمل روکنے کا حکم دیا تھا۔ جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے 3 ملزمان شفقت، صابر شاہ اور محمد لیاقت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے تینوں ملزمان کی سزاؤں پر عمل درآمد تاحکم ثانی روکتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی تھی۔ واضح رہے کہ لیاقت پر ایک صحافی پر حملے جبکہ شفقت اور صابر شاہ پر لاہور میں ایک وکیل ارشد علی کے قتل کا الزام تھا اور تینوں کو فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال سزائے موت پانے والے 107 خطرناک دہشت گردوں نے فوجی اور انسداد دہشت گردی عدالتوں کے فیصلے چیلنج کئے تھے۔ اپیل کرنے والوں میں سانحہ صفورا، پاک فوج کے جوانوں پر حملہ کیس میں موت کی سزا پانیوالے دہشت گرد بھی شامل تھے جبکہ 8 خطرناک دہشت گردوں نے موت کی سزا کے خلاف فوجی عدالتوں کے فیصلے پر صدر مملکت کو اپیل کر رکھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 699088
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش