0
Tuesday 23 Jan 2018 14:52

سندھ حکومت دیہی علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کا اعلان کرے، عبداللہ حسین ہارون

سندھ حکومت دیہی علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کا اعلان کرے، عبداللہ حسین ہارون
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مندوب عبداللہ حسین ہارون نے کہا ہے کہ سندھ حکومت وفاقی حکومت سے رابطہ کرکے دیہی علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کا اعلان کرے، انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اور حکمرانوں کی شوگر ملز غریب ہاری اور کاشتکاروں کو اتنا نقصان پہنچا رہی ہیں کہ رواں سال معاشی حالات کے سبب بہت سے گھروں میں فاقے ہونے کے خدشات ہیں، سندھ حکومت نے اپنے ہی غریب ہاری اور ووٹرز کونقصان پہنچایا جس کے نتائج 2018ء کے عام انتخابات میں برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار عبداللہ حسین ہارون نے سندھ کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے نوشہرو فیروز، خیرپور، نواب شاہ اور ہالا کے دورے کے بعد جاری کردہ بیان میں کیا۔ عبداللہ حسین ہارون نے مزید کہا کہ میں سندھ کے جس علاقے میں بھی گیا وہاں کے لوگوں نے شکایات کیں کہ اب تو شوگر ملز غریب کاشتکاروں سے 100 روپے فی من کے نرخ پر گنا خرید رہی ہیں، جب کہ حکومت سندھ نے گنے کی قیمت فی من 182 روپے کا نوٹی فکیشن جاری کر رکھا ہے اور سندھ ہائی کورٹ نے گنے کی قیمت کے تنازع کو حل کرانے کیلئے فی من 170 روپے پر سمجھوتہ کرانے کی کوشش کی تھی۔ عبداللہ حسین ہارون کا کہنا تھا کہ گنے کی قیمت گرتے گرتے کچھ عرصے کیلئے فی من 130 روپے پر رہی اور اب اس وقت گنے کی قیمت فی من 100 روپے پر پہنچ گئی ہے، میں نے اپنے پچھلے بیانات میں باقاعدگی سے اپیل کی تھی کہ لوگوں کا گنا کھیتوں میں سوکھ رہا ہے جس کی وجہ سے غریب ہاری اور کاشتکار پریشانی اور مصیبت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرشنگ کا عمل دیر سے شروع کرنے، غریب ہاری اور کاشتکار کو اپنی پیداوار کا سندھ حکومت کی جانب سے طے شدہ معاوضہ نہ ملنے اور گنے کی فروخت کے بعد بروقت رقم کے نہ ملنے کے باعث کاشتکاروں کے معاشی حالات بے حد سنگین ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے، سندھ حکومت نے اپنے ہی غریب ہاری اور ووٹرز کو نقصان پہنچایا ہے جس کے نتائج 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شکست کی صورت میں برآمد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ غریب ہاری اور کاشتکار کو معاشی تباہی سے بچانے کیلئے تمام تر ذمہ داری حکومت سندھ پر عائد ہوتی ہے اور اب سندھ حکومت وفاقی حکومت سے رابطہ کرکے سندھ کے دیہی علاقوں کو آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا اعلان کرے اور غریب ہاری و کاشتکاروں میں امدادی رقوم تقسیم کی جائیں تاکہ آئندہ کیلئے ان کے روزگار کا انتظام ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 699107
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش