0
Thursday 5 May 2011 09:03

ایبٹ آباد آپریشن کے بعد پاک امریکا تعلقات میں کشیدگی انتہائی عروج پر

ایبٹ آباد آپریشن کے بعد پاک امریکا تعلقات میں کشیدگی انتہائی عروج پر
نیویارک:اسلام ٹائمز۔ ایبٹ آباد آپریشن کے بعد پاک۔امریکا تعلقات میں کشیدگی اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے، امریکی کانگریس اور وہائٹ ہاؤس سے پاکستان کے بارے میں چند متوازن رویہ پر مبنی بیانات کے باوجود امریکی قائدین، امریکی تھنک ٹینک اور امریکی میڈیا کی اکثریت پاکستان کے بارے میں وہ سوالات اٹھا رہی ہے جس سے پاک امریکا تعلقات میں کشیدگی کم ہونے کی بجائے مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ ان سوالات میں سب سے اہم سوال اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد کے کمپاؤنڈ میں موجودگی اور پاکستانی فوج اور انٹلی جنس کا اس سے آگاہ ہونا یا نہ ہونا ہے۔ ادھر اوباما انتظامیہ نے بھی اس امر کی تحقیقات شروع کر رکھی ہے کہ اسامہ بن لادن کو ایبٹ آباد میں تحفظ، رہائش اور سہولیات کیسے اور کن پاکستانی عناصر نے کب سے اور کیونکر فراہم کر رکھی تھیں؟۔ پاکستانی فوج اور حساس ادارے اس بارے میں کتنے باخبر یا بے خبر تھے؟ 
پاک،امریکا تعلقات کی کشیدگی کی نوعیت اور سطح کا اندازہ اس بات سے بھی کیا جا سکتا ہے کہ سی آئی اے کے سربراہ لیون پیناٹا نے جب بند کمرے میں امریکی اراکین کانگریس کو بریفنگ دی تو بیشتر اراکین کا رویہ پاکستان کی امداد بند کرنے، پابندیاں لگانے، امداد میں کٹوتی کے مطالبات کے علاوہ پاکستان کو اسامہ بن لادن کا محافظ قرار دینے پر مبنی تھا۔ پاکستان کے حساس ادارے آئی ایس آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ 
ادھر امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں مختلف امور کی کمیٹیوں نے اپنے اپنے طور پر اسامہ بن لادن کی پاکستان میں موجودگی کے حوالے سے مختلف سماعتوں کا پروگرام مرتب کرنا شروع کر دیا ہے جس سے آنے والے دنوں میں امریکا میں پاکستان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ فوج اور آئی ایس آئی کی خاموشی اور اس واقعہ کے بارے میں کچھ نہ کہنے سے بھی عوامی سطح پر پاک۔ امریکا تعلقات میں کشیدگی اور پاکستان کیلئے ندامت و شرمندگی کا ماحول پیدا ہو چکا ہے اور پاکستانی اداروں کی ساکھ بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان مارک گروس مین نے بھی ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام کو سخت پیغام دیا ہے کہ امریکی کانگریس کا پیمانہ صبر اب پاکستان کے بارے میں مزید برداشت نہیں کر سکتا۔ ایک امریکی ذریعہ کے مطابق پاک،امریکا تعلقات میں کشیدگی کی سطح ریمنڈ ڈیوس کی پاکستان کی حراست کے ایام س کئی گنا زیادہ بڑھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 69934
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش