0
Friday 26 Jan 2018 11:14

بھارتی یوم جمہوریہ اور کشمیریوں کا یوم سیاہ

بھارتی یوم جمہوریہ اور کشمیریوں کا یوم سیاہ
اسلام ٹائمز۔ بھارت میں سرکاری طور پر 26 جنوری ’’یوم جمہوریہ‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن بھارت جمہوری ملک نہیں بلکہ ایک ہندو راشٹریہ بن چکا ہے جو انتہا پسند آر ایس ایس کے ایجنڈے کی تکمیل کا ایک منہ بولتا ثبوت ہے۔ جمہوریت کی عمارت جس تصور پر کھڑی ہوتی ہے اس میں مساوات، احتساب، انسانی حقوق کی پاسداری، بلا امتیاز رنگ و نسل اور علاقہ کے ترقی کے مواقع اور اقتدار میں شراکت شامل ہیں۔ بھارت کی جمہوریت ان تمام چیزوں سے آزاد ہے ۔ اس پر ہندتوا کا رنگ غالب ہے جسے ہندو انتہا پسند تنظیمیں مزید شوخ کرتی رہتی ہیں، وہ برملا اظہار کرتی ہیں کہ مسلمان غیر ملکی اور دوسرے درجے کے شہری ہیں۔ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلاتے رہنا ان کی نظریاتی بنیاد ہے، انہیں مطعون و مجروح کرتے رہنا آر ایس ایس کا محبوب مشغلہ اور مستقل پالیسی ہے۔ جسے یقین نہ آئے وہ ڈاکٹر ہیڈ گوار، ویر سوارکر اور شری گولوالکر کی ہند توا پر مبنی کتابیں پڑھ لے۔ عام مسلمانوں اور اسلام کیخلاف زہریلے خیالات و نظریات کی اشاعت آر ایس ایس اپنا فرض سمجھتی ہے۔

بھارت میں منائے جانیوالے یوم جمہوریہ کیخلاف سب سے زیادہ ردعمل کشمیر میں پایا جاتا ہے اور کشمیری ہر سال اسے یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں جہاں بھارت نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ جمہوریت جس جبر اور ناانصافی کے خلاف وجود میں آئی تھی بھارت میں اس کی کوئی رمق نظر نہیں آتی۔ بھارت میں مقیم اقلیتیں، ان پر ڈھائے جانیوالے مظالم سے تنگ آ کر چیخ رہی ہیں کہ انہیں ظلم و ستم سے نجات دلائی جائے جو مذہبی انتہا پسند غنڈوں کے ظلم کا نشانہ بن رہی ہیں۔ بھارت کی بانی کانگرس نے جس مکروفریب اور دھوکے سے تقسیم کے دوران ناانصافی کی اس نے جنوبی ایشیا کا امن خطرے میں ڈال رکھا ہے۔ کشمیر میں فوجی دستوں اور ریاستی فورسز کو نام نہاد ایکٹس کے ذریعے کشمیریوں کو غائب کرنے اور قتل کرنے کے لائسنس دیے گئے ہیں، یہ جمہوری اصولوں کے ساتھ نا صرف انسانی حقوق کے عالمی ڈیکلریشن کے آرٹیکل 3کی خلاف ورزی ہے بلکہ ریاست اور فرد کے درمیان معاہدہ عمرانی سے بھی روگردانی کے مترادف ہے۔ کشمیری مسلمان اس دن کی امید میں بھارتی فوجی اور ثقافتی یلغار کا جرأت مندی سے مقابلہ کر رہے ہیں جس دن کشمیر کی حسین وادیاں اور آبشاریں، برف پوش پہاڑ اور پھول ان کے ساتھ ملی اور قومی نغموں میں اپنے سریلے اور رسیلے راگ شامل کر رہے ہوں گے۔ جب وہ بھارت کو کسی ایسے دن کو مناتے ہوئے دیکھتے ہیں تو ان کے دلوں پر جو گزرتی ہے اسے وہی محسوس کر سکتے ہیں۔ کشمیر میں اس دن میں مکمل ہڑتال کی جاتی ہے ۔ بھارت کی طرف سے کشمیر کے شہروں اور قصبات میں بھارتی فوجوں کے لائو لشکر بڑھا دئیے جاتے ہیں تاکہ کشمیریوں کے مظاہروں سے یوم جمہوریہ منانے کا مزا کرکرا نہ ہو جائے۔
خبر کا کوڈ : 699799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش