0
Saturday 27 Jan 2018 17:30

عاصمہ کے اہلخانہ کی اے پی ایس شہداء فنڈز کے تحت مالی معاونت کی جائیگی، محمد عاطف خان

عاصمہ کے اہلخانہ کی اے پی ایس شہداء فنڈز کے تحت مالی معاونت کی جائیگی، محمد عاطف خان
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے دعوٰی کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مردان میں ریپ کے بعد قتل کی جانے والی 4 سالہ بچی عاصمہ کے والدین کو آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور کے شہداء پیکج کے طرز پر مالی معاونت فراہم کریگی۔ مردان پریس کلب کے عہدیداروں سے اپنی رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ بچوں کے مسئلے پر سیاست نہیں کررہی تاہم مالی معاونت کی فراہمی میں کچھ تکنیکی مشکلات تھیں جنہیں دور کردیا گیا ہے۔ متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی بحالی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کے جھنڈے کے نیچے متحد ہونے والی مذہبی جماعتوں کے اتحاد سے پی ٹی آئی کو آئندہ انتخابات میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ عاطف خان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سابقہ حکومت نے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم رکھا تھا۔ مردان میں ترقیاتی منصوبہ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) سے معاہدے کو حتمی شکل دے دی جس کے تحت رنگ روڈ کے اطراف 400 کنال کے رقبے پر میگا پارک تعمیر کیا جائے گا۔ اسی حوالے سے عاطف خان نے بتایا کہ 2 ارب کی لاگت سے پارک تعمیر ہوگا اور 2 ارب 50 کروڑ کی خطیر رقم سے وویمن یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت باچا خان چوک پر 24 کنال کے رقبے پر فیملی پارک بھی تعمیر کریگی۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں ہزارہ، مالاکنڈ، دیر اور بونیر کے اضلاع سمیت جنوبی بیلٹ پر پی ٹی آئی کی سیاسی پوزیشن مستحکم نہیں رہی، تاہم آئندہ انتخابات میں پارٹی متعلقہ ریجن میں بھاری اکثریت سے نشستیں حاصل کریگی۔
خبر کا کوڈ : 700198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش