0
Thursday 5 May 2011 15:39

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ایبٹ آباد آپریشن جیسا واقعہ دہرایا گیا تو تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے، پاکستان

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ایبٹ آباد آپریشن جیسا واقعہ دہرایا گیا تو تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے، پاکستان
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایبٹ آباد آپریشن اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت کیا، پاکستان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ امریکی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے پر آپریشن کا پتہ چلا۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی صلاحیتوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، دفاعی صلاحیتیں مضبوط ہیں، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے۔ مسلح افواج تیار ہیں، اس طرح کی کارروائی سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے القاعدہ کے کئی اہم رہنما گرفتار کیے۔ آئی ایس آئی کی معلومات پر سی آئی اے اسامہ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ ابھی بھی ڈو مور کا راگ الاپا جا رہا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں انفرادی اور اجتماعی کردار بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ ماضی کاحصہ ہے،ہمیں مستقبل سے متعلق سوچنا ہوگا، پاک امریکا تعلقات بہت اہمیت رکھتے ہیں، تاہم ملکی خود مختاری سب سے زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ ہیلری کلنٹن کا دورہ پاکستان متوقع ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت ملکی دفاع کے حوالے سے الرٹ ہیں، آئی ایس آئی بہت سے دہشگردوں کو گرفتار کروانے میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔ ہم نائن الیوں کا واقعہ سی آئی اے کی ناکامی نہیں سمجھتے، لٰہذا اس وقعہ کو بھی آئی ایس آئی کی ناکامی نہ سمجھا جائے۔ سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ایبٹ آباد جیسا واقعہ دہرایا گیا تو نتائج تباہ کن ہوں گے۔ سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملک کا دفاع کرنا جانتی ہے اور پاکستان کے پاس قومی اثاثوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی پر دہشت گردوں سے رابطے کا الزام غلط ہے۔ ایبٹ آباد آپریشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن یکطرفہ تھا، پاکستان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ آپریشن کے دوران ہمارے ریڈار جام کر دیئے گئے تھے، پاک فوج اور اداروں کو آپریشن کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن پر پورے ملک میں تشویش پائی جاتی ہے۔ سلمان بشیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے امریکا سے تعلقات بہت اہمیت کے حامل ہیں، ڈومور کا مطالبہ بند ہو جانا چاہئے۔ پاکستان کے لئے خودمختاری سب سے زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے بیاتا کہ صدر مملکت گیارہ سے چودہ مئی کو روس کے سرکاری دورے پر جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے تین گھنٹے بعد مائیک مولن نے آرمی چیف کو آگاہ کیا۔
 سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر نے کہا ہے کہ اگر کسی اور ملک نے پاکستان میں امریکا کی طرز پر یکطرفہ کارروائی کا خیال بھی کیا تو یہ ایک بہت بڑی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا، اسامہ بن لادن سے متعلق آپریشن خفیہ تھا، اور اس آپریشن پر ملک کے ہر حلقے میں تشویش پائی جاتی ہے۔ بھارت اس طرح کی مہم جوئی کے بارے میں سوچے بھی نہ، اگر بھارت ایسی غلطی کی تو منٹوں میں جواب دیا جائے گا۔ سلمان بشیر نے کہا کہ اسامہ بن لادن تاریخ کا حصہ بن گیا، اس کے بارے میں لکھنا تاریخ دانوں کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ سفارتی اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں، پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی بہت اہمیت اور افادیت ہے اور ہمیں دہشت گردی کے معاملے سے مل کر نمٹنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 70026
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش