0
Thursday 5 May 2011 20:13

بھارتی جنرل کا بیان ہمارے حکمرانوں کی بزدلی اور نااہلی کا شاخسانہ ہے، امریکہ اور نیٹو فورسز کا خطے میں رہنے کا جواز ختم ہو گیا ہے، وسیم اختر

بھارتی جنرل کا بیان ہمارے حکمرانوں کی بزدلی اور نااہلی کا شاخسانہ ہے، امریکہ اور نیٹو فورسز کا خطے میں رہنے کا جواز ختم ہو گیا ہے، وسیم اختر
لاہور:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے بھارتی آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ کے بیان کہ ”موقع ملا تو پاکستان کے اندر امریکی طرز کے سرجیکل آپریشن سے گریز نہیں کیا جائے گا۔“ پر شدید الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے حکمرانوں کی نااہلی اور بزدلی کا شاخسانہ ہے کہ آج ہمارا ازلی دشمن بھارت بھی ایبٹ آباد آپریشن سے شہ پا کر ایسی باتیں کر رہا ہے۔ ایبٹ آباد آپریشن ساری دنیا میں پاکستان کی رسوائی کا باعث بنا ہے۔ انٹرنیشنل میڈیا اس کو لے کر دنیا میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہے، انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن پر وائٹ ہاﺅس کی جانب سے دکھائی جانے والی ہٹ دھرمی قابل مذمت ہے۔ 9/11 اور اسامہ بن لادن کی ہلاکت محض ڈرامے کے سوا کچھ نہیں۔ جس کا مقصد مسلمانوں کو بدنام کرنا اور ایٹمی پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کر کے اثاثوں کو اپنے کنٹرول میں کرنا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسامہ کی ہلاکت کے بعد امریکہ اور نیٹو فورسز کا خطے میں رہنے کا جواز ختم ہو گیا ہے۔ لہٰذا اب وہ جنوبی ایشیا سے نکل جائیں، ایبٹ آباد میں امریکی سپیشل فورسز کا آپریشن ملکی خودمختاری و سلامتی پر حملہ ہے۔ بےحس اور نااہل حکمرانوں نے پاکستان کو امریکہ کی طفیلی ریاست بنا دیا ہے، موجودہ حکمران امریکی غلامی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔
ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارے گلے کی ہڈی بن چکی ہے جس میں 60 ارب ڈالر سے زائد کا ملکی معیشت کو نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ڈرون حملوں اور امریکی مداخلت کے حوالے سے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ عوام کے پیسوں پر پلنے والے زرداری، گیلانی اور کیانی قوم کا دفاع کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ 18 کروڑ عوام اپنا دفاع خود کرنا جانتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 70045
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش