0
Monday 29 Jan 2018 18:55

پاکستان علماء کونسل نے سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا

پاکستان علماء کونسل نے سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل نے عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین حافظ طاہر اشرفی کہتے ہیں کہ 20 فروری تک راجہ ظفرالحق کی رپورٹ منظر عام پر نہ لانے کی صورت میں مال روڈ پر پُرامن احتجاج کرنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ لاہور کے الحمرا ہال میں ہونیوالی ختم نبوت و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ 7 فروری کو یوم ختم نبوت کے طور پر منایا جائیگا، ملک بھر میں سیمینارز اور کانفرنس منعقد ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے معاملے پر راجہ ظفرالحق کی رپورٹ 20 فروری تک منظر عام پر لائی جائے، رپورٹ نہ آنے کی صورت میں پُرامن طور پر مال روڈ پر آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ حکومت کانفرنسز کی بجائے راستے بلاک کرنے سے مطالبے مانتی ہے، عام انتخابات میں پاکستان علماء کونسل بھر پور حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ زینب سمیت معصوم بچیوں کے قاتلوں کو سرعام پھانسی دی جائے، چوک چوراہوں میں لٹکایا جائے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کمیشن بنا کر توہین رسالت (ص) کے کیسز کی تحقیقات کرائیں، کراچی میں پولیس آفیسر راؤ انوار نے جعلی پولیس مقابلوں میں 444 افراد کو قتل کیا۔ انہوں نے حکومت کو چیلنج کیا کہ ہمارے مدارس سے غیر ملکی امداد ثابت کر دیں جبکہ مدارس اور مساجد کی رجسٹریشن پر پابندی ختم کرنی چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 700615
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش