0
Monday 29 Jan 2018 19:27

کوئی غیر جمہوری عمل ہوا تو سڑکوں پر ہوں گے، اسفندیار ولی

کوئی غیر جمہوری عمل ہوا تو سڑکوں پر ہوں گے، اسفندیار ولی
اسلام ٹائمز۔ اے این پی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے کہاہے کہ اس وقت جمہوریت اور جمہوری نظام کوکئی خطرات لاحق ہیں اسی لیے ہم آج نکلے ہیں اور ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اے این پی کسی غیر جمہوری عمل کے خلاف سب سے پہلے سڑکوں پر نکلے گی۔ باچاخان اور ولی خان کی مشترکہ برسی کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اسفند یار ولی خان نے کہا کہ ہرادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا،انھوں نے کہا کہ کپتان پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتے ہیں تو غیرت کامظاہرہ کریں اورپارلیمنٹ سے باہرآجائیں،کبھی کہاجاتاہے کہ استعفے میرے پاس ہیں لیکن ان کی پارٹی کے لوگ الگ کہانی سناتے ہیں۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کو مل بیٹھ کرمسائل کوحل کرنا چاہیے، انھوں نے کہا کہ نقیب اللہ محسود کے ساتھ جوہوا وہ ایک پیغام ہے کہ پختون جہاں بھی ہوگا اسے مارا جائے گا، مردان میں بچی کے ساتھ ظلم ہوا لیکن اس کا ملزم اب تک نہیں پکڑا گیا، ہم اعلان کرتے ہیں کہ اگرسات روزکے اندرملزم نہ پکڑے گئے تو پھرہم سڑکوں پرنکلیں گے اور حساب لیں گے۔ اے این پی کے صدر نے کہا کہ میں نیازی سے پوچھتا ہوں کہ کہاں گئی ان کی غیر سیاسی پولیس؟ انھوں نے کہا کہ میں وزیراعظم سے پوچھتاہوں کہ سی پیک کے مغربی روٹ کی حیثیت کیاہے؟ ہماری معلومات کے مطابق مغربی روٹ کو ختم کردیا گیا ہے، اگر یہ بات سچ ہے تو یہ پنجاب چائنہ منصوبہ ہے سی پیک نہیں۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ ہم خیبر پختونخوا کے ہرضلع میں بڑے جلسے کرینگے ،یہ برسی تقریب آئندہ عام انتخابات کے لیے آغاز ہے جس کے بعد پورے صوبے میں بھریورطریقے سے مہم شروع کردی جائے گی۔

علاوہ ازیں مرکزی سینئر نائب صدرحاجی غلام احمدبلور نے کہا ہے کہ عام انتخابات پختونوں کے لیے امتحان کی حیثیت رکھتے ہیں کہ آیا وہ بھی پنجاب کی طرح اس قیادت کاانتخاب کرتے ہیں جو ان کے مفادات کا تحفظ کرسکتے ہیں، سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا کہ نقیب اللہ محسود کا قتل سندھ حکومت کی ناکامی ہے ،صوبائی صدر امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ آج ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے ان کا واحد حل باچاخان کے فلسفے میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 700645
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش