0
Monday 29 Jan 2018 19:39

نقیب اللہ محسود کیس میں 2 گواہوں کے بیان ریکارڈ، راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے چھاپے

نقیب اللہ محسود کیس میں 2 گواہوں کے بیان ریکارڈ، راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے چھاپے
اسلام ٹائمز۔ نقیب اللہ محسود کیس میں دو گواہوں نے عدالت کے روبرو بیانات قلمبند کرا دیئے، جبکہ راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے سندھ پولیس کی خصوصی ٹیموں نے اسلام آباد اور پشاور میں بھی چھاپے مارے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی گرفتاری کی عدالتی مہلت کا ایک اور دن گزر گیا اور ڈیڈلائن ختم ہونے میں چند گھنٹے باقی رہ گئے، تاہم ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ ایس ایس پی ذوالفقار مہر راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں، جبکہ ڈی ایس پی کی سربراہی میں ایک ٹیم پشاور پہنچی ہے، اسی طرح تیسری ٹیم اندرون سندھ ایس پی کی سربراہی میں موجود ہے، جبکہ چوتھی ٹیم کراچی ایس ایس پی کی سربراہی میں راؤ انوار کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔

روپوش ملزم کی تلاش کیلئے ٹیمیں متحرک ہیں اور ایئرپورٹ، ریلوے اسٹیشنز، بس اڈوں، ہوٹلوں اور عوامی مقامات کے علاوہ نواحی قصبوں کی متعلقہ حکام سے مل کر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب نقیب اللہ قتل کیس کے 2 گواہوں نے جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کے روبرو بیان قلمبند کراتے ہوئے بتایا ہے کہ ہمیں نقیب اللہ کے ساتھ حراست میں لیا گیا اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ بعد ازاں ہمیں معلوم ہوا کہ نقیب اللہ کو پولیس مقابلے میں مار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ہفتہ 27 جنوری کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے پولیس کو 72 گھنٹے کی مہلت دی تھی، جس کے بعد آئی جی سندھ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے حساس اداروں سے مدد مانگی تھی اور خصوصی ٹیموں کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دے کر مختلف شہروں میں بھیجا گیا۔
خبر کا کوڈ : 700649
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش