0
Monday 29 Jan 2018 23:51

رجسٹریشن بک ختم، سندھ میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کیلئے اسمارٹ کارڈ متعارف کرایا جائیگا

رجسٹریشن بک ختم، سندھ میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کیلئے اسمارٹ کارڈ متعارف کرایا جائیگا
اسلام ٹائمز۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن بک ختم کرکے اسمارٹ کارڈ متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ تفصیالت کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی دستی کتاب (مینول رجسٹریشن بک) ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ متعارف کرایا جائے گا، اسمارٹ کارڈ نادرا کی جانب سے جاری کردہ قومی شناختی کارڈ کی طرز پر ہوگا، جس میں کئی سیکیورٹی فیچرز ہوں گے، ان سیکیورٹی فیچرز کو بھی بتدریج فعال کیا جائے گا۔ کارڈ پر کیو آر کوڈ بھی درج ہوگا، جسے اسکین کرنے پر گاڑی کا ماڈل، رنگ، رجسٹریشن نمبر، ٹیکس کی ادائیگی اور دیگر تمام معلومات سامنے آجائیں گی، اس سلسلے میں عملی اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں، کارڈ کا اجرا مارچ سے شروع کئے جانے کا امکان ہے، مینول بک یکدم ختم نہیں کی جائیں گی، بلکہ مرحلہ وار پورا نظام اسمارٹ کارڈ پر منتقل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں شہریوں کو بھی وقت دیا جائے گا کہ وہ مینول بک کے بجائے اسمارٹ کارڈ سسٹم کو اپنالیں، اس منصوبے سے نہ صرف کاغذات بنوانے میں شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا، بلکہ ایک ہی رجسٹریشن نمبر پر کئی گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کی شکایات بھی ختم ہو سکیں گی۔

عملی اقدامات کیلئے مختلف آئی ٹی کمپنیوں سے کوٹیشن طلب کرلی گئی ہیں، جو کہ منصوبے کو تکنیکی معاونت فراہم کریں گی۔ رجسٹریشن کارڈ کی قیمت کا حتمی تعین ابھی نہیں کیا گیا ہے، لیکن اس کی قیمت کا اندازہ ایک ہزار روپے تک لگایا جا رہا ہے، اسمارٹ کارڈ کے منصوبے کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر وحید شیخ کے مطابق موجودہ دور جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے، اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز بھی اقدامات کر رہا ہے اور تمام تر ڈیٹا کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسی ضمن میں مینول بک کو ختم کرکے اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، اسمارٹ کارڈ کی بدولت موقع پر ہی گاڑی کی تمام تر تفصیلات سامنے آجائیں گی، اس منصوبے کا دائرہ کار بتدریج وسیع کیا جائے گا، کچھ آئی ٹی کمپنیوں سے مشاورت جاری ہے اور ٹیکنیکل سپورٹ کیلئے کمپنیوں کو منتخب کرنے کا عمل آخری مراحل میں ہے، منصوبے کی فنانشل بڈ کے بعد ہی کارڈ کی قیمت کا حتمی طور پر تعین کیا جا سکے گا، فی الحال کارڈ کی قیمت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ وحید شیخ نے مزید بتایا کہ محکمے کی جانب سے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں کہ مارچ میں اس منصوبے کو حتمی شکل دے کر شہریوں کو کارڈ کے اجرا کا عمل شروع کیا جا سکے، شہریوں کی سہولت کی خاطر کارڈ کا اجرا مرحلہ وار کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 700735
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش