0
Friday 6 May 2011 12:33

کوئٹہ،بروری روڈ پر راکٹ حملے اور فائرنگ،6 افراد جاں بحق،15 زخمی، شیعہ تنظیموں کا 3 روزہ سوگ کا اعلان،لشکر جھنگوی نے ذمہ داری قبول کرلی

کوئٹہ،بروری روڈ پر راکٹ حملے اور فائرنگ،6 افراد جاں بحق،15 زخمی، شیعہ تنظیموں کا 3 روزہ سوگ کا اعلان،لشکر جھنگوی نے ذمہ داری قبول کرلی
کوئٹہ:اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں مغربی بائی پاس کے قریب واقعے ہزارہ ٹاؤن کے میدان میں صبح کے وقت نوجوان فٹبال کھیل رہے تھے جبکہ کچھ لوگ قریبی قبرستان میں فاتحہ خوانی میں مصروف تھے کہ اچانک دو پک اپ گاڑیوں میں سوار مسلح افراد وہاں پہنچے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران تین دھماکے بھی ہوئے، جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق اور پندرہ زخمی ہو گئے، فائرنگ اور دھماکوں کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ جاں بحق اور معمولی زخمیوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال جبکہ شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دوسری جانب مشتعل افراد نے احتجاج کرتے ہوئے بائی پاس روڈ ٹائر جلا کر بلاک کر دی۔  
ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے صوبائی حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے ملزمان کیخلاف گرینڈ آپریشن کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد نقوی، شیعہ علما کونسل بلوچستان اور بلوچستان شیعہ کانفرنس،مجلس وحدت مسلمین اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کی جانب سے بھی سانحہ ہزارہ ٹاؤن کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ پولیس چوکی کے قریب ہونیوالے اس افسوس ناک واقعے کی ذمے داری کالعدم لشکرجھنگوی نے قبول کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا جبکہ شہر میں مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
آج نیوز کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزارہ ٹاوٴن میں راکٹوں اور خود کار ہتھیاروں سے حملے میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ صدمے سے خاتون چل بسی۔ پولیس حکام کے مطابق ہزارہ ٹاوٴن میں قبرستان اور ملحقہ گراونڈ میں موجود افراد قبروں پر فاتحہ خوانی اور صبح کی چہل قدمی میں مصروف تھے کہ پہاڑ کے ساتھ گزرنے والی سڑک پر دو گاڑیاں آکر رکیں، چھ افراد نے گاڑی سے اتر کر تین راکٹ فائر کئے اور بھگدڑ مچنے پر کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حملے میں چھ افراد، غلام سخی، حاجی محمد اسماعیل، قربان علی، جان علی، حاجی محمد ابراھیم اور ایک نامعلوم شخص موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ ایک خاتون حلیمہ بی بی اپنے پیارے کی لاش دیکھ کر صدمے سے دم توڑ گئی۔ پندہ زخمی کمبائنڈ ملٹری اسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کئے گئے۔ چار کی حالت نازک ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ٹارگٹ کلنگ کے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کاحکم دیا ہے۔ واقعے پر ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور مجلس وحدت المسلمین نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ ایف سی اور پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

خبر کا کوڈ : 70125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش