0
Thursday 1 Feb 2018 18:13

بھارتی اور اسرائیلی ظلم و تشدد فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ان کی منزل سے دور نہیں کر سکتا، طاہر اشرفی

بھارتی اور اسرائیلی ظلم و تشدد فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ان کی منزل سے دور نہیں کر سکتا، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل نے ’’عشرہ یکجہتی کشمیر‘‘ کا آغاز کر دیا، ملک بھر میں یکم فروری سے 10 فروری تک ’’عشرہ یکجہتی کشمیر‘‘ منایا جائے گا، 2018ء کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہوگا، افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی عوام، علماء اور افواج نے ہمیشہ تعاون کیا ہے، افغانستان کے علماء پاکستان کے بارے میں مثبت رویہ اختیار کریں۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد کے صدر حافظ طاہر اشرفی نے لاہور میں یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا عبد الحمید صابری، مولانا نعمان حاشر، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا نائب خان، مولانا شہزاد احمد، مولانا شہباز احمد، مولانا الیاس مسلم، مولانا محمد اشفاق پتافی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا وقت قریب ہے، بھارتی اور اسرائیلی ظلم و تشدد فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ان کی منزل سے دور نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کشمیر اور فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کی ہر سطح پر حمایت کرتی ہے اور ملک بھر میں علماء اور مشائخ یکم فروری سے 10 فروری تک کشمیریوں پر ہونیوالے ظلم و ستم کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 05 فروری کو لاہور سمیت پورے ملک میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 02 فروری کو جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں مظلوم کشمیری عوام کیلئے یکجہتی کے اظہار کی قراردادیں اور یوم دعا برائے آزادی کشمیر و فلسطین کے طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے افواج پاکستان اور پاکستان کے علماء نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، افغان حکومت اور افغانستان کے سرکاری علماء کا رویہ ہمیشہ دونوں ممالک کے عوام اور علماء کے درمیان رابطوں کو توڑنے کا سبب بنا ہے، پاکستان علماء کونسل افغان صدر اشرف غنی کو دعوت دیتی ہے کہ وہ پاکستان پر الزام تراشی کرنے کی بجائے معاملات کی اصلاح کی کوشش کریں۔
خبر کا کوڈ : 701441
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش