0
Thursday 1 Feb 2018 19:09

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر سے مربوط ہے، علامہ عارف واحدی

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر سے مربوط ہے، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر سے مربوط ہے، مظلوم کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے، مسئلہ کشمیر و فلسطین کے مستقل حل کیلئے امت مسلمہ کو ایک موقف اختیار کرنا ہوگا، یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے سے منایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملکی و بین الاقوامی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا بالخصوص اسلامی دنیا مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے سب سے اہم مسئلہ اسلامی ممالک میں امن کا فقدان ہے جہاں مختلف حیلوں، بہانوں اور سازشوں کے ذریعے مختلف مسائل پیدا کرکے عوام کو باہم لڑانے کی کوششیں کی جاتی ہیں جبکہ اور بھی کئی طریقے استعمال کرکے اسلامی ممالک کی معیشت کو متاثر کرنے کی سازشیں کی جاتی ہیں، امہ کو اس سلسلے میں بیدار مغزی کا ثبوت دیتے ہوئے اتحاد امہ کیلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر و فلسطین اسلامی دنیا کے سب سے بڑے اور سلگتے مسائل ہیں جن کے حل کیلئے او آئی سی، عرب لیگ سمیت دیگر تنظیموں کو فعال کرنے کیلئے مسلم حکمرانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا اس وقت تک خطہ میں امن کا قیام شرمندئہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا واضح اور دوٹوک موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عوامی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور انہیں ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 701463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش