0
Friday 2 Feb 2018 16:20

ملتان، جماعتہ الدعوہ کے زیراہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ

ملتان، جماعتہ الدعوہ کے زیراہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ جموں کشمیر موومنٹ، جماعة الدعوة اور دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر آج ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر کی مساجد میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا گیا۔ علماء و خطباء کرام نے کشمیریوں پر روا رکھے گئے بھارتی مظالم کو اُجاگر کیا ور عالمی برادری کی خاموشی پر مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں۔ ملتان میں مرکز سعد بن ابی و قاص میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے جموں کشمیر موومنٹ کے مرکزی رہنما مولانا نصر جاوید نے خطاب کیا۔ بعد ازاں چوک کچہری تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی، جہاں پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں طلباء، وکلاء، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ چوک کچہری پہ ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت جموں کشمیر موومنٹ کے مرکزی رہنما مولانا نصر جاوید نے کی۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور فلیکس اُٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف سخت نعرے بازی کی جبکہ مظاہرے کے اختتام پر بھارتی جھنڈا بھی نذرآتش کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء کی جانب سے مودی کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے، کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ، تیرا نگر میرا نگر سری نگر سری نگر، کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے جاتے رہے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نصر جاوید کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے اس کے بغیر پاکستان ہمیشہ خطرات سے دو چار رہا ہے۔ حکومت پاکستان سفارتی محاذ پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرے، بی جے پی سرکار ظلم و تشدد کے ذریعہ کشمیریوں کی آواز دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی، کشمیری عوام نے اتنی قربانیاں پیش کر دیں ہیں کہ ایک تاریخ رقم ہوچکی ہے۔ انڈیا کبھی بھی مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے دل سے پاکستان کی محبت اور ان کے ہاتھوں سے سبز ہلالی پرچم نہیں چھین سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کی ہر طرح سے مدد کریں گے انہیں کسی صورت بھارت سرکار کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی پاکستانی حکمرانوں کی بھارت سے یکطرفہ دوستی کا نتیجہ ہے، کشمیر کسی صورت انڈیا کا حصّہ نہیں رہ سکتا۔ خونی لکیر جلد ٹوٹ جائیگی، مظلوم کشمیریوں کی مدد کرنا قرآن وسنت کی روشنی میں ہر مسلمان پر فرض ہے۔ آزادی کشمیر کے حوالہ سے ان شاءاللہ بہت جلد اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔ پاکستانی قوم کشمیری حریت پسند قیادت اور مظلوم کشمیری مسلمانوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتی ہے۔ جماعة الدعوة ملتان کے مسئول میاں سہیل احمد کا مظاہرین سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ ہم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور انہیں آزادی ملنے تک ہر لحاظ سے ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی جاری ہے اور جاری رہے گی۔ مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
خبر کا کوڈ : 701651
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش