QR CodeQR Code

جمہوریت کی مضبوطی کیلئے بااختیار مقامی حکومت ضروری ہے، مصطفیٰ کمال

2 Feb 2018 19:57

پاکستان ہاؤس میں نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں پی ایس پی کے چیئرمین نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام بالکل غیر مؤثر ہے، جس میں عوام کے منتخب نمائندوں کے پاس عوامی مسائل حل کرنے کے اختیارات اور وسائل موجود نہیں، جو آئین پاکستان اور جمہوری روایات کے خلاف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے وفاقی، صوبائی اور شہری حکومتوں کی ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے بااختیار اور مؤثر مقامی حکومت انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں نوجوانوں کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات میں کیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک میں چند خاندانوں کی حکومت ہے جو اپنے ذاتی مفادات کو ملکی مفادات پر ترجیح دیتے ہیں اور اسی وجہ سے جمہوریت کے ثمرات لوگوں تک نہیں پہنچنے دیتے، جس کی وجہ سے عام شہریوں کے پاس شہر، ٹاؤن یا یوسی کی سطح پر اپنے بنیادی مسائل حل کرنے کا اختیار نہیں رہتا، یہی وجہ ہے کہ وہ بدترین حالات میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ غیر مؤثر بلدیاتی نظام کی وجہ سے عوام پانی، صحت، پارک، نکاسی آب کا نظام، شہر میں صفائی اور تعلیم وغیرہ جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، موجودہ بلدیاتی نظام بالکل غیر مؤثر ہے، جس میں عوام کے منتخب نمائندوں کے پاس عوامی مسائل حل کرنے کے اختیارات اور وسائل موجود نہیں، جو آئین پاکستان اور جمہوری روایات کے خلاف ہے۔


خبر کا کوڈ: 701708

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/701708/جمہوریت-کی-مضبوطی-کیلئے-بااختیار-مقامی-حکومت-ضروری-ہے-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org