0
Friday 6 May 2011 23:44

ملکی معاملات سے بےخبر رہنے والے حکمرانوں کو حکومت کا کوئی حق نہیں، زوار بہادر

ملکی معاملات سے بےخبر رہنے والے حکمرانوں کو حکومت کا کوئی حق نہیں، زوار بہادر
لاہور:اسلام ٹائمز۔جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ انتہائی اہم نوعیت کے ملکی معاملات سے بے خبر رہنے والے حکمرانوں کو وطن عزیز پر حکمرانی کا کوئی حق نہیں، امریکی حملے پر حکمرانوں کی خاموشی اور امریکہ کی طرف سے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کا ڈرامہ حکمرانوں کے لئے باعث شرم اور بے غیرتی کی بہت بڑی مثال ہے، عوام حکمرانوں سے سوال کرتے ہیں کہ فوج کے اعلیٰ ٹریننگ سنٹر کے قریب امریکی فوج کا کمانڈو ایکشن کرنا اور ہمارے حکمرانوں کا اس سے بے خبر رہنا بہت سے سوالوں کو جنم دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی آزادی سے امریکی فوج کا پاکستان کی سرزمین پر حملہ کرنا اور دو گھنٹے سے زائد پاکستانی حدود میں رہنا ایک آزاد قوم کے لئے اس کی آزادی اور خودمختاری پر بہت بڑا دھبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت ہونے کے ناطے وطن عزیز میں امریکی فوج کا ایکشن اپنی سلامتی کے خلاف حملہ تصور کیا جائے۔ اگر حکمرانوں نے ایسے لاعلمی اور قومی سلامتی کے معاملات سے لاتعلقی کا عمل جاری رکھا تو ہمارے ایٹمی اثاثوں کو بہت خطرات لاحق ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء پاکستان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیر اعجاز احمد ہاشمی، مفتی ہدایت اللہ پسروری ،ڈاکٹر جاوید اختر، ڈاکٹر ریاض احمد خان، علامہ نور احمد سیال سعیدی، علامہ احمد یار قادری ایڈووکیٹ، رشید احمد رضوی، احفاظ الکریم برکی، چودھری محمد رشید ظفر ایڈووکیٹ، حافظ نصیر احمد نورانی، رانا رحمت علی، قاری خلیل احمد مہروی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایبٹ آباد میں ہونے والے امریکی حملے اور اسامہ بن لادن کے نام پر ہونے والے ڈرامے کی سپریم کورٹ کی سطح پر عدالتی تحقیقات کروا کر جلد سے جلد قوم کے آگاہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 70188
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش